عالمی عدالت انصاف رفح میں نئےاسرائیلی حملے روکنے کا حکم دے: جنوبی افریقہ

  • جمعہ 17 / مئ / 2024

جنوبی افریقہ نے جمعرات کو اقوام متحدہ کی اعلیٰ عدالت میں اسرائیل پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے غزہ میں "قتل عام" کو تیز کر دیا ہے۔ اس نے ججوں پر زور دیا ہے کہ وہ رفح پر اسرائیلی حملے کو روکنے کا حکم دیں۔

بین الاقوامی عدالت انصاف نے پریٹوریا کی نمائندگی کرنے والے وکلا کی طرف سے اسرائیل کے خلاف دائر کیے گئے الزامات کی سماعت کی، جن میں اجتماعی قبریں، اذیت رسانی، اور انسانی ہمدردی کی امداد کو دانستہ طور پر روکنے کے الزامات شامل تھے۔

اسرائیل جمعہ کو اپنا استدلال پیش کرے گا۔ وہ اس سے قبل بین الاقوامی قانون کے لیے اپنی غیر متزلزل وابستگی پر زور دے چکا ہے اور اس نے جنوبی افریقہ کے کیس کو "مکمل طور پر بے بنیاد" اور اخلاقی طور پر ناقابل قبول  قرار دیا ہے۔

پرٹیوریا کے اعلیٰ وکیل ووسیموزی میڈونسیلا نے کہا کہ جب ہم آخری بار اس عدالت کے سامنے پیش ہوئے تھے تو جنوبی افریقہ کو فلسطین اور اس کے لوگوں کے تحفظ کے لیے قتل عام کے اس عمل کو روکے جانے کی امید کی تھی۔ اس کے بجائے، اسرائیل نے اسے تیزی سے جاری رکھا ہے اور وہ اس وقت ایک نئے اور خوفناک مرحلے پر پہنچ چکا ہے ۔