بشکیک سے ایک ہزار کے لگ بھگ طالب علم واپس پاکستان آئیں گے

  • سوموار 20 / مئ / 2024

کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک سے پاکستانی طالب علموں کو لے کر دو پروازیں لاہور اور اسلام آباد پہنچ گئیں۔

لاہور ائیر پورٹ پر وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور اسلام آباد میں وفاقی وزیر مصدق ملک نے طالب علموں کو خوش آمدید کہا۔

لاہور اور اسلام آباد آنے والی دونوں پروازیں مجموعی طور پر 360 طالبعلموں کو وطن لے کر آئیں ہیں۔

وفاقی وزیر مصدق ملک نے طالب علموں سے گفتگو میں کہا کہ معاملے پر کرغزستان حکومت سے رابطے میں ہیں۔ کمرشل پروازوںسے مزید 540 طلب علم بشکیک سے پاکستان پہنچیں گے جبکہ ایک خصوصی پرواز130 طالب علموں کو وطن واپس لائے گی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ بشکیک سے اب تک 130 طلبا کمرشل پرواز کے ذریعے پاکستان واپس پہنچ چکے ہیں جب کہ 540 مزید طلبا آج تین کمرشل پروازوں کے ذریعے وطن واپس پہنچ رہے ہیں۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان ایئر فورس کا ایک طیارہ آج شام بشکیک روانہ ہوگا۔ اس طیارہ میں 130 افراد کو لایا جاسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا اب تک صرف 50 طلبا نے پاکستانی سفارتخانے سے اس طیارے کے ذریعے واپس آنے کے لیے رجوع کیا ہے۔

بشکیک میں بین الاقوامی طلبا کے ساتھ پیش آنے والے پر تشدد واقعات کے بارے میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ان واقعات میں کوئی پاکستانی طالب عالم ہلاک نہیں ہوا ہے۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا انھیں کرغز حکومت نے بتایا ہے کہ ان واقعات میں زخمی ہونے کے نتیجے میں 16 طلبا ہسپتال میں داخل ہیں جن میں سے 4-5 کا تعلق پاکستان سے ہے۔

نائب عزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ان حملوں کا نشانہ پاکستانی طلبا نہیں تھے۔ بشکیک میں زخمی ہونے والوں میں پاکستانیوں کے علاوہ انڈین، عرب، مصری اور بنگلہ دیشی طلبا بھی شامل ہیں۔