آئی ایس آئی کا سیاسی کردار ختم ہونا چاہئے: عمر ایوب
پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ آئی ایس آئی کو اپنا پیشہ وارانہ کردار ادا کرتے رہنا چاہیے۔ اسے سیاسی سرگرمیوں میں ملوث نہیں ہونا چاہئے۔
عمران خان سے ملاقات کے بعد راولپنڈی میں اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ آئی ایس آئی کو سیاست زدہ کرنے سے جہاں ادارہ کمزور ہوتا ہے وہیں اس کا نقصان پاکستان اور اس کے مفاد کو ہو گا۔
عمر ایوب خان نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چھ ججز نے واضح طور پر چیف جسٹس آف پاکستان کو لکھا ہے کہ آئی ایس آئی نے کس طرح ان کے گھر والوں تک کو زدو کوب کیا گیا۔
عمر ایوب خان کا کہنا تھا کہ سابق آرمی چیف جنرل یحیٰ کے کردار کی وجہ سے 1971 میں پاکستان دو لخت ہوا اور شیخ مجیب الرحمان سے مذاکرات کا رستہ بند کیا گیا۔ لیکن فوج فرد واحد کے فیصلوں میں شامل نہیں تھی۔
آج بھی فیصلے فرد واحد کے ہو رہے ہیں۔ اس وقت ہمیں قومی یکجہتی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا فرد واحد کے فیصلے ادارے پر اثر انداز نہیں ہونے چاہئیں۔ عمران خان نے آج میاں اسلم اقبال اور حماد اظہر کے لیے یہ پیغام بھیجا ہے کہ وہ باہر نکلیں اور پارٹی کی قیادت کریں۔
عمر ایوب کے مطابق عمران خان نے کہا ہے کہ اگر حماد اظہر اور میاں اسلم اقبال کو اغوا کیا یا ان سے زبردستی بیان لیا گیا تو ہم اس بیان کو نہیں مانیں گے۔ وہ دونوں رہنما تحریک انصاف کا حصہ ہی سمجھے جائیں گے۔