اسلام آباد میں تحریک انصاف کا دفتر سیل ، پارٹی کا عدالت جانے کا اعلان
پی ٹی آئی کے رہنما بیرسٹر گوہر نے اسلام آباد میں پارٹی دفتر منہدم کرنے کے لیے سی ڈی اے کی کارروائی کی مذمت کی ہے۔ پارٹی نے اس کارروائی کے خلاف عدالت جانے اور پارلیمنٹ میں تحریک استحقاق جمع کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم نے ڈائیلاگ کی بھی بات کی۔ سوچ کر آگے بڑھ رہے ہیں۔ اب یہ نہیں ہوسکتا کہ بندوق ساتھ رکھ کر ڈائیلاگ کی بات کریں۔ سی ڈی اے آپریشن کی اطلاع ملنے پر چیئرمین پی ٹی آئی گوہر خان اور اپوزیشن لیڈر عمر ایوب موقع پر پہنچ گئے اور اس کی مذمت کرتے ہوئے آپریشن کو انتقامی کارروائی قرار دیا۔
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے اس معاملے پر مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے آئی جی اسلام آباد اور سی ڈی اے چیئرمین کے خلاف ایوان میں تحریک استحقاق لانے کا اعلان کیا۔
عمر ایوب نے کہا کہ اگر بلڈنگ پر اعتراض تھا تو ہمارے پاس آتے، ہمیں تجاوزات کے حوالے سے بتایا جاتا۔ ہم ان کو ٹھیک کرتے۔
واضح رہے کہ سی ڈی اے حکام نے اسلام آباد پولیس کی نگرانی میں رات گئے سیکٹر جی ایٹ میں تـجاوزات کے خلاف کارروائی کی اور پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹریٹ کو سیل کر دیا۔ سی ڈی اے کا موقف ہے کہ کارروائی تجاوزات کے علاوہ عمارت کے غیر متعلقہ استعمال پر کی گئی ہے جس میں بھاری مشینری نے حصہ لیا اور سینٹرل سیکریٹریٹ کے ارد گرد رکھے کنٹینرز، سیکیورٹی بیریئرز اور دیگر مبینہ تجاوزات کو گرا دیا۔
سی ڈی اے کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ عمارت سرتاج علی نامی شخص کے نام ہے جسے رہائشی عمارت سے سیاسی دفتر میں بدلا گیا۔ متعلقہ مالک کو بارہا نوٹس بھی جاری کیے گئے ہیں تاہم قانون پر عملدرآمد نہیں کیا گیا جس پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ سیکٹر جی ایٹ میں سیاسی جماعت کے ایک پلاٹ پر تجاوزات کو ختم کیا جا رہا ہے کیونکہ پلاٹ سے ملحقہ اراضی پر قبضہ کرکے تجاوزات قائم کی گئی ہیں۔
چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سی ڈی اے کی جانب سے پی ٹی آئی سیکریٹریٹ کو کبھی کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا۔