معروف اداکار طلعت حسین انتقال کر گئے

  • اتوار 26 / مئ / 2024

ڈراموں، فلموں، ریڈیو اور تھیٹر کے معروف ایوارڈ یافتہ سینئر اداکار طلعت حسین کراچی میں انتقال کر گئے۔

اداکار طلعت حسین کراچی کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے۔ وہ پھیپھڑوں کے عارضے میں مبتلا تھے، طلعت حسین کے سوگواروں میں 2 بیٹیاں اور ایک بیٹا شامل ہیں۔

قائم مقام صدر یوسف رضا گیلانی نے معروف فنکار طلعت حسین کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ مرحوم طلعت حسین کی فنون لطیفہ میں انمول خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگوار لواحقین کو یہ صدمہ صبر و استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کی ہمت عطا فرمائے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے اداکار و صدا کار طلعت حسین کی وفات پر گہرے افسوس اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم اداکار طلعت حسین کی بلندی درجات کے لیے دعا کی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے معروف اداکار طلعت حسین کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ طلعت حسین ورسٹائل فنکار تھے، طلعت حسین کے یادگار ڈرامے پرستار آج بھی نہیں بھولے، طلعت حسین کے انتقال سے اداکاری کا خوبصورت دور ختم ہوا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے نامور اداکار طلعت حسین کے انتقال پر افسوس کرتے ہوئے طلعت حسین کے اہلخانہ سے تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا اور طلعت حسین کی فنی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔

طلعت حسین 1940میں بھارت کے شہر دہلی میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے فنون لطیفہ کو نصف صدی دی۔ اپنی عمر کا بیشتر حصہ اداکاری، صداکاری، آرٹ اور فن کی خدمت کی۔ طلعت حسین نے 1970 سے قبل کم عمری میں ہی اداکاری شروع کردی تھی لیکن انہیں 1970 کے بعد شہرت ملنا شروع ہوئی۔

اداکاری میں قدم رکھنے کے چند سال بعد ہی طلعت حسین اداکاری کی اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے لندن چلے گئے اور وہاں بھی انہوں نے اسٹیج و تھیٹر پر کام کرنے سمیت نشریاتی اداروں کے ساتھ بھی کام کیا۔

طلعت حسین نے کچھ فلموں میں بھی کام کیا جب کہ انہوں نے اسٹیج تھیٹرز میں بھی جوہر دکھائے اور کئی منصوبوں میں وائس اوور بھی کی، طلعت حسین کےمقبول ڈراموں میں ہوائیں، کشکول، طارق بن زیاد اور دیگر شامل ہیں۔