ایٹمی دھماکے کرنے کی یاد میں یومتکبیر، عام تعطیل کا اعلان

  • منگل 28 / مئ / 2024

1998 میں آج کے دن کیے گئے کامیاب ایٹمی تجربات کی یاد میں قوم آج 26 واں یوم تکبیر قومی جوش و جذبے کے ساتھ منا رہی ہے۔

پاکستان نے بھارت کے ایٹمی دھماکوں کا جواب 28 مئی 1998 کو صوبہ بلوچستان کے علاقے چاغی میں دھماکوں کے ذریعے دیا تھا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے اس موقع پر عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔

26 برس قبل ایٹمی دھماکوں کے بعد پاکستان نے مسلم دنیا کی پہلی جبکہ دنیا کی 7ویں ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل کیا اور اس دن کو پاکستانی قوم ’یوم تکبیر‘  کے نام سے یاد کرتے ہیں۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پیغام دیتے ہوئے کہا کہ 28 مئی قابل اعتماد کم از کم ڈیٹرنس قائم کرنے کی طرف ہماری قوم کے مشکل لیکن قابل ذکر راستے کی داستان کی عکاسی کرتا ہے۔

اے پی پی کے مطابق سوشل میڈیا ایکس پر اپنی پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ 28 مئی کی اہمیت صرف ایک دن کو یادگار رکھنےسے زیادہ ہے۔ 1998 میں وزیر اعظم نواز شریف نے پاکستان کو ایٹمی ہتھیاروں سے لیس ملک بنانے کے لیے اعصاب شکن دباؤ اور ترغیبات کو مسترد کرتے ہوئے جرات مندانہ قیادت کا مظاہرہ کیا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اس تاریخی دن، 1998 میں وزیر اعظم نواز شریف نے پاکستان کو ایٹمی ہتھیاروں سے لیس ملک بنانے کے لیے اعصاب شکن دباؤ اور ترغیبات کو مسترد کرتے ہوئے جرات مندانہ قیادت کا مظاہرہ کیا۔ میں سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کو بھی ، ان کی تزویراتی دور اندیشی اور اس مقصد کے لیے غیر متزلزل عزم پرخراج تحسین پیش کرتا ہوں، جو پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے بانی تھے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کہ یہ اہم دن قومی طاقت کے تمام پہلوؤں کی اجتماعی کوشش کی علامت ہے۔

قائمقام صدر مملکت سید یوسف رضا گیلانی نے یوم تکبیر کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہا کہ یوم تکبیر ہماری قوم کی استقامت، غیر متزلزل ارادے اور علاقائی امن و استحکام برقرار رکھنے کے عزم کا ثبوت ہے۔ ہمیں ایک ایٹمی ریاست بننے کے سفر میں کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، ہماری قیادت اور سائنسدانوں نے اس نمایاں کامیابی کو حاصل کرنے کے لیے مختلف چیلنجز کا مقابلہ کیا۔

واضح رہے کہ 1998 میں آج کے دن کیے گئے کامیاب ایٹمی تجربات کی یاد میں قوم آج 26 واں یوم تکبیر قومی جوش و جذبے کے ساتھ منا رہی ہے۔

گزشتہ روز وزیر اعظم شہباز شریف نے 28 مئی یوم تکبیر کو سرکاری چھٹی قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ یوم تکبیر سیاسی اور دفاعی قوتوں کے اس ملک کے دفاع کو مضبوط تر بنانے کے لیے ایک جھنڈے، سبز ہلالی پرچم تلے متحد ہونے کی یاد دلاتا ہے۔