بھارتی انخابات میں بی جے پی اکثریت سے محروم ہوگئی

  • بدھ 05 / جون / 2024

بھارت کے عام انتخابات میں بریندر مودی کی بی جے پی لوک سبھا میں واضح اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے۔ البتہ اسے اتحادیارٹیوں کے ساتھ  543 نشستوں کے ایوان میں اکثریت حاصل ہوگئی ہے۔

مایوس کن کارکردگی کے باووکد نریندر مودی نے اپنے اتحاد کی جیت کا دعویٰ کیا ہے۔ انہیں اپوزیشن کی جانب سے توقع سے زیادہ مضبوط چیلنج کا سامنا کرنا پڑا۔ کانگریس پارٹی نے نتائج کو وزیر اعظم مودی کی اخلاقی شکست سے تعبیر کیا ہے۔

مودی نے اپنی پارٹی کے ہیڈکوارٹر میں جمع ایک مجمع سے کو بتایاکہ ان کا ’نیشنل ڈیموکریٹک الائنس‘ مسلسل تیسری بار حکومت بنائے گا۔ کانگریس کےصدر ملک ارجن کھڑگے اور سینئر رہنما راہل گاندھی نے کانگریس کے ہیڈ کوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ بدھ کو اتحادی جماعتوں کے ساتھ میٹنگ کی جائے گی۔ جس میں تیلگو دیسم پارٹی (ٹی ڈی پی) اور جنتا دل یونائٹڈ (جے ڈی یو) کی حمایت حاصل کرنے کے لیے رابطہ کرنے کے سلسلے میں بھی مشاورت ہوگی۔

یہ دونوں پارٹیاں کنگ میکر کی حیثیت سے ابھری ہیں۔ ٹی ڈی پی کو 15 اور جے ڈی یو کو 12 سیٹیں مل رہی ہیں۔ تاہم ان دونوں پارٹیوں نے اپنا کوئی ارادہ ظاہر نہیں کیا۔

تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق بی جے پی کو 240 نشستیں ملنے کا امکان ہے۔ اسے حکومت سازی کے لیے مذکورہ دونوں اتحادی جماعتوں کی حمایت کی ضرورت پڑے گی۔

لیکن حکومت کس اتحاد کی بنے گی کس کی نہیں؟ فی الحال حتمی طور پر اس بارے میں کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ انتخابات کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے اور ابھی رجحانات کی بنیاد پر قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔

تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق این ڈی اے کو 292 اور انڈیا کو 235 سیٹیں مل سکتی ہیں۔ حکومت سازی کے لیے 272 سیٹوں کی ضرورت ہوتی ہے۔

19 اپریل سے یکم جون تک بھارت کی مختلف ریاستوں میں لوک سبھا کی 543 نشتوں کے لیے ووٹ ڈالے گئے تھے۔ انتخابات میں لگ بھگ ایک ارب لوگ ووٹ ڈالنے کے اہل تھے جن میں سے 66 فی صد سے زیادہ ووٹرز نے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا۔

یکم جون کو ووٹنگ کا ساتواں مرحلہ مکمل ہونے کے بعد مقامی میڈیا میں جو ایگزٹ پولز سامنے آئے تھے، ان میں این ڈی اے کو دو تہائی اکثریت ملنے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔ متعدد ایگزٹ پولز میں کہا گیا تھا بی جے پی تنہا 303 سے زیادہ نشستیں حاصل کر سکتی ہے۔  تاہم نتائج سے یہ تمام اندازے نقش بر آب ثابت ہوئے۔

ووٹوں کی گنتی سے ملنے والے رجحانات کے مطابق بی جے پی کو ملک کی سب سے بڑی ریاست اترپردیش (یو پی) میں کافی نقصان ہو رہا ہے۔ وہاں سب سے زیادہ 80 نشستیں ہیں۔