لکی مروت میں دھماکے سے پاک فوج کے افسر سمیت 7 جوان شہید
خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں فورسز کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکراگئی جس کے نتیجے میں پاک فوج کے کیپٹن سمیت 7 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ بیان کے مطابق آئی ای ڈی دھماکے میں شہید ہونے والوں میں قصور سے تعلق رکھنے والے کیپٹن محمد فراز الیاس بھی شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شہدا میں کیپٹن فراز الیاس کے علاوہ صوبیدار میجر محمد نذیر، لانس نائیک محمد انور، لانس نائیک حسین علی شامل ہیں۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ جام شہادت نوش کرنے والوں میں سپاہی اسد اللہ، سپاہی منظور حسین اور سپاہی راشد محمود شامل ہیں۔ سکیورٹی فورسز نے گزشتہ دنوں متعدد آپریشنس میں کئی دہشت گردوں کو ہلاک کیا تھا۔ تین مئی کو میں 3 مختلف آپریشنز کرتے ہوئے 23 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا جب کہ دہشت گردوں سے فائرنگ کے شدید تبادلے میں 5 بہادر سپاہیوں نے جام شہادت نوش کیا تھا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پشاور میں کارروائی کے دوران 6 دہشت گرد ہلاک ہوئے تھے، ضلع ٹانک میں کیے گئے آپریشن کے دوران 10 دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ تیسرا آپریشن ضلع خیبر کے علاقے باغ میں کیا گیا جس میں فورسز نے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کیا جب کہ دو دہشت گرد زخمی بھی ہوئے۔