اٹک میں پولیس اہلکار کی فائرنگ سے 2 وکلا ہلاک

  • ہفتہ 15 / جون / 2024

ضلع کچہری اٹک میں پولیس اہلکار کی فائرنگ سے 2 وکلا ہلاک ہوگئے۔ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ملزم اے ایس آئی انتظار شاہ کے خلاف سخت ایکشن لینے کا حکم دیا ہے۔

جاں بحق وکلا میں ممبر پنجاب بار کونسل ایڈووکیٹ ملک اسرار اور ایڈووکیٹ ذوالفقار مرزا شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق ایلیٹ فورس اہلکار نے خاندانی رنجش پر وکیل کے چیمبر میں داخل ہو کر فائرنگ کی۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق اٹک پولیس نے فائرنگ میں ملوث اے ایس آئی انتظار کو فوری گرفتار کر لیا۔ ملزم کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے، جس میں دہشت گردی کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔

ملزم اے ایس آئی ایلیٹ کمانڈوز میں وی آئی پی سیکیورٹی پر تعینات تھا اور واردات میں سرکاری ہتھیار کا استعمال کیا۔ آئی جی پنجاب کے مطابق تفتیش کے تمام مراحل کے بعد ملزم کو قرار واقعی سزا یقینی بنائی جائے گی۔

وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ وکلا کے قتل کی اطلاع ملتے ہی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے آئی جی پولیس سے بات کی۔ لاہور میں پنجاب بار کونسل کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے وکلا کی بہبود کیلئے تمام اقدامات کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے پراسیکیوشن ڈپارٹمنٹ کو قتل کی تحقیقات سے اپ ڈیٹ رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ مریم نواز کےحکم پر پولیس نے ملزم کو فوری طور پر حراست میں لے لیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے ملزم کے خلاف خصوصی عدالت میں مقدمہ چلانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا ہے وکلا برادری کا تحفظ یقینی بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔