سکیورٹی ناکامی پر آرمی چیف سے فارمیشن کمانڈرز کانفرنس بلانے کا مطالبہ

  • ہفتہ 22 / جون / 2024

اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے ’سی پیک سے متعلق انٹیلی جنس کی ناکامی‘ پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے فوری طور پر فارمیشن کمانڈرز کانفرنس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔

قومی اسمبلی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ پاکستان کیلئےبہت اہم ہے۔ قومی معاشی ترقی اور سی پیک کےلیے سیکیورٹی اور استحکام ضروری ہے۔ چینی عہدیدار کی جانب سے پاکستان میں آکر یہ پیغام دینا اہم بات ہے۔ سی پیک ملک کے لیے انتہائی اہم ہے، اس کے حوالے سے کہا جا رہا ہے کہ اپنا گھر درست کریں۔ ورنہ سی پیک اور مستقبل کی سرمایہ کاری خطرے میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں سپہ سالار عاصم منیر صاحب اور فارمیشن کمانڈرز صاحبان سے مطالبہ کروں گا کہ فوری طور پر کور کمانڈر، فارمیشن کمانڈرز کانفرنس بلائی جائے اور اس انٹیلی جنس ناکامی کی وجوہات کا پتا لگایا جائے کہ یہ کیوں ہوا۔

انہوں نے کہا اپنی علاقائی خودمختاری کے لیے تین چیزیں ضروری ہے قومی یکجہتی جو اس وقت بکھری ہوئی ہے۔ قابل اعتبار دفاع مضبوط معیشت پر منحصر ہے۔ وہ بھی اس وقت بکھر گئی ہے۔ ہم خطرات کی زد میں ہیں۔ اس پر میں نے کہا تھا کہ انٹیلی جنس ایجنسیز باالخصوص آئی ایس آئی کا بجٹ ہمیں بتائیں کہ وہ بجٹ کہاں خرچ ہو رہا ہے۔ وہ بجٹ ویگو ڈالوں پر لگ رہا ہے جو ہمارے پیھچے لگے ہوئے ہیں۔ یا وہ ویگو  دہشت گردوں کے پیچھے ہیں۔