اسرائیل کی لبنان سرحد پر جنگ جوئی کی دھمکی

  • سوموار 24 / جون / 2024

اسرائیل کے وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں کو لبنان کی سرحد پر بھیجا جائے گا۔ امریکہ اور یورپ نے لبنان کی ایران یافتہ تنظیم حزب اللہ اور اسرائیل درمیاں لڑائی کی صورت میں جنگ کے پھیلنے کے امکان سے خبر دار کیا ہے۔

یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزپ بوریل نے لکسمبرگ میں کہا کہ جنگ چھڑنے کا خطرہ ہر روز بڑھتا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’مجھے ایسا لگتا ہے کہ، بدقسمتی سے، ہم جنگ کے پھیلنے کے قریب ہیں‘۔ صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے زور دیا کہ غزہ میں جنگ بندی کی اشد ضرورت ہے تاکہ انسانی امداد کی فراہمی کو آسان بنایا جا سکے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ غزہ کے اندر انسانی امداد کی فراہمی ناممکن ہو گئی ہے۔

امریکہ کے اعلیٰ ترین فوجی عہدےدار نے خبردار کیا ہے کہ لبنان میں اسرائیلی جارحیت سے ایک وسیع تر تنازعے کا خطرہ بڑھ جائے گا۔ جوائنٹ چیفس آف سٹاف کے چیئرمین ایئر فورس جنرل چارلس کیو براؤن نے کہا کہ ایسی صورت میں ایران حزب اللہ کی مدد کے لیے مائل ہو گا۔ حزب اللہ کے پاس حماس سے زیادہ وسائل ہیں۔

اس سے قبل اسرائیل کے وزیرِ اعظم بن یامین نیتن یاہو نے کہا ہے کہ غزہ میں حماس کے خلاف لڑائی کا شدید مرحلہ بہت جلد ختم ہو جائے گا۔ اس کے بعد اسرائیلی فوجیوں کو ممکنہ طور پر لبنان کے ساتھ سرحد پر منتقل کیا جائے گا۔

لبنان کی سرحد پر ایران نواز عسکریت پسند گروہ حزب اللہ اور اسرائیل کی فوج کے درمیان مسلسل سرحدی جھڑپوں کی رپورٹس سامنے آ رہی ہیں جس سے خطے میں جنگ پھیلنے کے خدشات میں اضافہ ہوا ہے۔ بن یامین نیتن یاہو نے اسرائیلی نشریاتی ادارے ’چینل 14‘ کو انٹرویو میں بتایا کہ شمال کی طرف فوجیوں کی منتقلی حزب اللہ کے خلاف ملک کی دفاعی پوزیشن کو تقویت دے گی۔

نیتن یاہو رواں ہفتے واشنگٹن ڈی سی میں امریکی کانگریس کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ حزب اللہ کے ساتھ تنازعے کا سفارتی حل تلاش کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اسرائیل بیک وقت کئی محاذوں پر لڑ سکتا ہے اور ہم اس کی تیاری بھی کر رہے ہیں۔

نیتن یاہو نے توقع ظاہر کی ہے کہ رفح میں اسرائیلی فوج کی کارروائی کے خاتمے کے بعد غزہ میں لڑائی کی شدت میں کمی آ جائے گی۔ اسرائیل مستقبل قریب میں فلسطینی علاقے غزہ میں اپنی فوجی موجودگی برقرار رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل غزہ کے پٹی پر سویلین انتظامیہ بنانا چاہتا ہے۔ تاکہ وہاں پر انسانی ہمدردی کے تحت امداد کی ترسیل ہو سکے اور بعد میں ہو سکتا ہے کہ نئی بننے والی سویلین انتظامیہ غزہ کے معاملات بھی چلائے۔

نیتن یاہو نے ایک بار پھر فلسطینی عسکریت پسند تنظیم حماس یا مغربی کنارے میں حکومت کرنے والی فلسطینی اتھارٹی کی غزہ کے مستقبل کے انتظام میں کردار کی مخالفت کی۔ امریکہ اس سے پہلے اسرائیل کو غزہ پر طویل مدتی فوجی قبضے کے خلاف خبردار کر چکا ہے۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق اسرائیل کے غزہ میں تازہ ترین حملے میں غزہ شہر کے قریب ایک تربیتی کالج میں آٹھ فلسطینی جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔ اسرائیل کے ٹینک جنوبی شہر رفح میں مزید اندر تک جا چکے ہیں۔