شہباز شریف ، عمران خان کے خوف سے باہر نکلیں
- تحریر سید مجاہد علی
- جمعہ 28 / جون / 2024
عدت کسی میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا معطل کرنے کی درخواستیں مسترد کردی گئی ہیں۔ اسلام آباد کے سیشن جج کی عدالت میں دو راؤنڈ کے بعد یہ فیصلہ سامنے آیا ہے۔ تحریک انصاف نے اس مضحکہ خیز فیصلہ کے خلاف اپیل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ عمر ایوب نے اس فیصلہ پر تبصرہ کرتے ہوئے اسے شرمناک قرار دیا۔ سیاسی مباحثہ سے قطع نظر ، اس مقدمہ کی نوعیت اور ملکی عدالتی نظام کے حوالے سے ان کی بات سے اختلاف کی گنجائش نہیں ہے۔
ہمارا عدالتی نظام اس حوالے سے دو باتوں کا ادراک کرنے میں مکمل طور سے ناکام رہا ہے۔ ایک یہ کہ یہ دو بالغ لوگوں کا فیصلہ ہے جس میں دونوں نے مکمل ہوش و حواس میں ایک دوسرے کا شریک حیات بننے کا وعدہ کیا تھا۔ کسی بھی عدالت کو اس وقوعہ کی حیثیت، قانونی پوزیشن اور اس پرشرعی نکات کا اطلاق کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہئے۔ عمران خان اور بشریٰ بی بی دونوں اپنے عقائدپر واضح ہیں۔ اس لیے اس معاملے میں ان کی گواہی سے زیادہ کسی دوسری شہادت یا گواہی کی کوئی اہمیت نہیں ہوسکتی۔ دوسرے یہ کہ عمران خان ساڑھے تین سال تک اس ملک کے وزیر اعظم رہے ہیں۔ بشریٰ بی بی کو اس دوران میں خاتون اوّل کا رتبہ حاصل تھا ۔ اس حیثیت میں وہ متعدد ممالک کا دورہ کرچکی ہیں اور وہاں اعزاز پا چکی ہیں۔ اب ایک زیریں عدالت اگر یہ قرار دے رہی ہے کہ ان دونوں کے نکاح میں شرعی تقاضے پورے نہیں کیے گئے تھے تو اسے عمران خان اور بشری بی بی کی کوتاہی سے زیادہ ملکی نظام کی کمزوری سمجھنا چاہئے جہاں ایک ایسا شخص عوام کے ووٹ لے کر ملک کا وزیر اعظم بن جاتا ہے جس کے عقیدہ اور اسلامی شعائر ’غیر واضح‘ ہیں اور اب عدالتیں ان کی تصحیح کررہی ہیں۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج افضل مجوکا نے جمعہ کو اس فیصلہ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ قانونی طور سے سزا معطل کرنے کے حق میں کوئی بنیاد فراہم نہیں کی گئی۔ جج کا یہ نکتہ قابل غور نہیں ہے۔ یہ مقدمہ ہی بے بنیاد ہے اور عمران خان کی سیاسی حیثیت کی وجہ سے قائم کیا گیا ہے ورنہ نہ تو اس مقدمہ کی کوئی حیثیت ہے اور نہ ہی ملکی عدالتی نظام میں اس نوعیت کے معاملات کو کوئی اہمیت دی جاتی ہے۔ اصولی طور سے جج کو سزا معطل کرنے کے علاوہ اس احمقانہ اور افسوسناک فیصلہ کو ختم کرنے کا اقدام کرنا چاہئے تھا۔ سیشن کورٹ کا فیصلہ خواہ کتنا ہی ’میرٹ‘ پر ہو لیکن موجودہ حالات میں اسے سرکاری دباؤ کا نتیجہ ہی کہا جائے گا۔ یوں بھی اس مقدمہ کا میرٹ اسی وقت ختم ہوجاتا ہے جب مقدمہ کے مدعی کو اپنی سابقہ بیوی کے کردار کے بارے میں کئی سال گزرنے کے بعد عدالتوں کا دروازہ کھٹکھٹانےکا خیال آتا ہے۔ اسلام آباد سیشن کورٹ کا فیصلہ تو شاید ہائی کورٹ میں کالعدم قرار دیا جائے اور اس سزا معطلی کے علاوہ شاید اپیل میں اس سزا کو ہی ختم کردیا جائے۔ لیکن اس معاملہ پر ہونے والی کارروائی نے ملک کی زیریں عدالتوں میں انصاف کی صورت حال اور سیاسی مخالفت میں حکومت وقت کی اخلاق باختگی کا پردہ ضرور فاش کیا ہے۔ سیشن عدالت کے پاس موقع تھا کہ اس بے بنیاد اور مضحکہ خیز مقدمہ کو خارج کرکے ملک میں انصاف کے نظام کو رسوا ہونے سے بچا لیتی لیکن متعلقہ جج اس کا حوصلہ نہیں کرسکا۔ یوں تو اعلیٰ عدلیہ کی خود مختاری کے بارے میں بھی سوالات اٹھائے جاتے ہیں لیکن زیریں عدالتوں میں انصاف کی فراہمی تقریباً ناممکن ہوچکی ہے۔ عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف عدت کیس کو جاری رکھنے کا طریقہ اس حوالے سے ٹھوس مثال کے طور پر پیش کیا جاسکتا ہے۔ یہ یاد رکھنا چاہئے کہ ملک کی بڑی اکثریت نچلے درجے کی عدالتوں سے ہی انصاف کی طالب ہوتی ہے لیکن اگر وہاں پر قانون کی عملداری کمزور ہوگی تو ملک کے شہریوں کی داد رسی ممکن نہیں ہوسکتی۔
چند روز پہلے قومی اسمبلی میں وزیر اعظم شہباز شریف نے جیل میں عمران خان کی مشکلات کم کرنے کے لیے خیر سگالی کا اظہار کیا تھا ۔اس بیان کی روشنی میں بھی اگر عدت کیس کے فیصلہ کو جانچا جائے تو لگتا ہے کہ حکومت کی پالیسی اور بیانات میں زمین آسمان کا فرق ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وہ تحریک انصاف کے ساتھ بات چیت کرنا چاہتے ہیں۔ وہ نہیں چاہتے کہ ان کے سیاسی مخالفین کے ساتھ بھی ویسا ہی سلوک ہو جو سابقہ دور میں ان کے اور ان کے ساتھیوں کے ساتھ روا رکھا گیا تھا۔ چونکہ یہ مباحثہ دو مخالف سیاسی گروہوں کے ادوار حکومت کے بارے میں ہے ، اس لیے اس سے کوئی مثبت نتیجہ نہیں نکالا جاسکتا۔ لیکن شہباز شریف کا قومی اسمبلی میں یہ اعلان کرنا کہ’ عمران خان کو اگر جیل میں کوئی تکلیف ہے تو وہ مجھ سے بات کریں‘ حیران کن ہے۔ کیا جیلوں میں سہولتوں کے لیے ہر قیدی کو وزیر اعظم سے رجوع کرنا چاہئے؟ یا یہ تخصیص خاص عمران خان کے لیے ہے۔ اوراس کا جواز کیا ہے؟ شہباز شریف کو علم ہونا چاہئے کہ عمران خان کو جیل میں سابق وزیر اعظم اور ایک مقبول لیڈر کے طور پر کیا سہولتیں ملنی چاہئیں۔ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ سہولتیں کسی شکایت یا مطالبے کے بغیر انہیں فراہم کی جائیں۔
جیسا کہ تحریک انصاف اعلان کرتی رہتی ہے، اگر انہیں یہ سہولتیں نہیں مل رہیں تو شہباز شریف کو یقینی بنانا چاہئے تھا کہ ان شکایات کا ازالہ ہوجائے۔ اور عمران خان کو ہر وہ سہولت دی جائے جو کسی مہذب معاشرے میں اس حیثیت کے قیدی کو دی جاتی ہے۔ اس کے بعد وہ قومی اسمبلی میں اعلان کرتے کہ اگرچہ انہیں خود دوران حراست مناسب سہولتیں حاصل نہیں تھیں لیکن اب انہوں نے یقینی بنایا ہے کہ عمران خان کو ملاقاتوں، ائرکنڈیشننگ، کھانے پینے اور لکھنے پڑھنے کی مناسب سہولتیں فراہم کی جائیں۔ اس کے برعکس دیکھا جاسکتا ہے کہ حکومت تو سپریم کورٹ کو بھی مطمئن نہیں کرسکی کہ عمران خان کو وکلا اور پارٹی کے ساتھیوں سے ملنے کا مناسب موقع دیا جاتا ہے۔ حتی کہ ملک میں سنسر شپ کا یہ عالم ہے کہ ملکی ٹیلی ویژن اسٹیشنوں پر عمران خان کا نام لینےیا ان کی تصویر دکھانے کی بھی ممانعت ہے۔ اس قسم کے جابرانہ ہتھکنڈوں سے سیاسی لیڈروں کو دبانے کی خواہش بےسود ہوتی ہے۔
اس دوران میں مسلم لیگ (ن) کے دوسینئر لیڈر احسن اقبال اور رانا ثنااللہ یہ اعلان کرچکے ہیں کہ عمران خان کو طویل عرصہ تک قید رہنا چاہئے کیوں کہ ان کے باہر آنے سے ملکی حالات قابو میں نہیں رہیں گے۔ یہ سطحی اور انصاف و قانون کے تمام تقاضوں کے برعکس مؤقف ہے کہ کسی لیڈر کو سیاسی حالات کنٹرول میں رکھنے کے لیے گرفتار کیا جائے اور اس کے خلاف عدت کیس جیسے مقدمے قائم کرکے طویل سزائیں دلوائی جائیں۔ اس ماحول میں اگر تحریک انصاف یہ کہتی ہے کہ عمران خان کو سیاسی بنیادوں پر حراست میں رکھا گیا ہے تو اس دعوے کو مسترد کرنا ممکن نہیں ہوگا کیوں کہ حکومت کا طرز عمل اور اس کے لیڈروں کے بیانات اس کی تصدیق کررہے ہیں۔
جمہوری نظام میں حکومتیں عوام کے ووٹوں سے منتخب ہوتی ہیں۔ اپوزیشن کسی بھی حکومت کی کارکردگی کے خلاف مناسب طریقے سے اختلاف رائے کے علاوہ احتجاج کا راستہ اختیار کرسکتی ہے۔ کوئی احتجاج عوام کی حمایت کے بغیر منظم نہیں کیا جاسکتا۔ جب حکمران جماعت کے لیڈر اس خوف کا اظہار کرتے ہیں کہ عمران خان باہر آکر نظام حکومت کو چیلنج کریں گے تو وہ خود جمہوری نظام پر اپنے عدم اعتماد کا اظاہر کررہے ہوتے ہیں۔ دیانت داری سے ایسے عناصر کسی بھی جمہوری نظام کی تباہی کا سبب بنتے ہیں۔ کوئی جمہوری حکومت سیاسی احتجاج کو نہیں روکتی البتہ امن و امان بحال رکھنے کے لیے مناسب اقدام کیے جاتے ہیں۔ یہ کہنا کہ پاکستان کا نظام اس وقت عمران خان کے باہر آنے کا متحمل نہیں ہوسکتا، لغو اور اصول سیاست کے بنیادی اصول سے متصادم مؤقف ہے۔
عمران خان ضرور نظام سے بغاوت کا اعلان کرتے رہتے ہیں۔ لیکن یہ نام نہاد ’ بغاوت‘ ہرگز ملکی نظام پلٹ دینے کا نام نہیں ہے۔ نہ وہ اداروں میں بغاوت سے ملکی اقتدار پر قبضہ کرنے کا اعلان کرتے ہیں۔ فوج کو اگر ریاستی طاقت کی علامت مان لیا جائے تو عمران خان نے کبھی فوج سے ’بغاوت‘ کا اعلان نہیں کیا بلکہ وہ تو بدستور فوج کے ساتھ بات چیت کا مطالبہ کررہے ہیں کیوں کہ ان کا سیاسی مؤقف ہے کہ موجودہ حکومت کٹھ پتلی ہے اور فیصلوں کا اصل اختیار فوجی قیادت کے پاس ہے۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ شہباز شریف بھی اس حقیقت سے انکار نہیں کرتے۔ اس معاملہ میں سانحہ 9 مئی نے مشکل پیدا کی ہے۔ اگرچہ اس حوالے سے تحریک انصاف سیاسی زیرکی کا مظاہرہ نہیں کرسکی اور عسکری قیادت اس روز ہونے والے واقعات کو فوج میں انتشار کی سازش سمجھتے ہوئے شدید ناراضی کا اظہار کرتی ہے۔ افسو س کی بات ہے کہ تحریک انصاف میں کوئی ایسا لیڈر موجود نہیں جو اس موقع پر پارٹی لیڈر اور فوج کے درمیان مصالحت کروا سکتا۔
وزیر اعظم شہباز شریف اس حوالے سے فیصلہ کن کردار ادا کرسکتے ہیں لیکن انہیں قومی مفاد سے زیادہ اپنا اقتدار عزیز ہے۔ انہیں لگتا ہے کہ عمران خان کے ساتھ مفاہمت کی صورت میں وہ خود شاید فوجی قیادت کے لیے ’کارآمد‘ نہ رہیں۔ یہی وجہ ہے کہ وہ مسلسل تحریک انصاف کو قومی سیاست سے دور رکھنے کی کوششیں کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ حالانکہ موجودہ بحران میں سب سیاسی قوتوں کو ایک دوسرے کا ہاتھ تھام کر معاشی، سماجی اور سفارتی مسائل سے نمٹنے کا عزم کرنا چاہئے۔ سب کو جان لینا چاہئے کہ اگر یہ ملک ہوگا ،وہ تب ہی سیاست کرسکتے ہیں ۔
شہباز شریف کو عمران خان کے خوف سے باہر نکلنا چاہئے۔ وہ اگر تحریک انصاف اور فوج کے درمیان پل نہیں بننا چاہتے تو بھی انہیں عمران خان کے سیاسی حقوق سلب کرنے کا طریقہ ترک کرنا چاہئے۔ ان کی حرکتوں اور عاقبت نااندیشانہ فیصلوں کی وجہ سے ملک کو کوئی نقصان پہنچتا ہے تو سیاست کے سارے کھیل ادھورے رہ جائیں گے۔