عمران خان کا حکومتی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کا اعلان

  • جمعہ 05 / جولائی / 2024

 بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے آپریشن عزم استحکام پر حکومتی اے پی سی میں شرکت کا اعلان کیا ہے۔

عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے آپریشن عزم استحکام پر آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ارکان آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں صرف سننے کے لیے جائیں گے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ اے پی سی میں شرکت کا فیصلہ صرف پاکستان کی خاطر کیا ہے۔ بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے چیف جسٹس پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے جیل میں بھوک ہڑتال کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ وکلا کی مشاورت کے بعد بھوک ہڑتال کی حتمی تاریخ کا اعلان کروں گا۔

واضح رہے کہ حکومت نے آپریشن عزم استحکام کے حوالے سے اتحادی اور اپوزیشن جماعتوں کے تحفظات کو پیش نظر رکھتے ہوئے آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا ہے، جس میں آپریشن عزم استحکام سے متعلق سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے گا۔