’ایکس‘ ملکی سلامتی کیلئے خطرہ ہے، بحال کرنے سے انکار: وزارت داخلہ

  • سوموار 08 / جولائی / 2024

ملک میں انٹرنیٹ اور ایکس کی بندش کے معاملے پر سندھ ہائی کورٹ میں جواب جمع کرواتے ہوئے وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ ایکس بحال نہیں ہوسکتا۔

ڈان نیوز کے مطابق اپنی رپورٹ میں وزارت داخلہ نے ایکس کو ملکی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے بتایا کہ وزارتِ داخلہ کا کام پاکستان کے عوام کے حقوق کا تحفظ کرنا ہے۔ ایکس پر پابندی سے پہلے تمام قانونی تقاضے پورے کیے گئے تھے۔

پاکستان میں ایکس پر پابندی آرٹیکل 19 کی خلاف ورزی نہیں ہے۔ آرٹیکل 19 آزادی اظہار رائے کی اجازت دیتا ہے، تاہم آزادی اظہار رائے پر قانون کے مطابق کچھ پابندی بھی ہوتی ہیں۔ سوشل میڈیا اور ایکس پر ملکی اداروں کےخلاف نفرت انگیز مواد اپ لوڈ کیا جاتا ہے۔ ایکس ایک غیر ملکی کمپنی ہے جس کو متعدد بار قانون پر عمل درآمد کا کہا گیا ہے۔

وزارت داخلہ کے جواب میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اس کے پاس عارضی طور پر ایکس کی بندش کے علاوہ کوئی راستہ نہیں تھا۔ 17 فروری کو وزارت داخلہ نے ایکس فوری طور بند کرنے کا کہا تھا۔ ایکس ایک غیر ملکی کمپنی ہے، جس نے پاکستان کےساتھ کوئی ایم او یو سائن نہیں کر رکھا تھا۔ تاہم بعد میں ایم او یو سائن کرنے اور ملکی قوانین پر عملدرآمد کی یقین دہانی پر اسے کھول دیا گیا۔ بعد ازاں ملکی قوانین کی خلاف ورزی کی صورت میں ایکس پر پابندی کے سوائے کوئی راستہ نہیں تھا۔

وزارت داخلہ کے مطابق ملکی سیکیورٹی اور وقار کے لیے ایکس پر پابندی لگائی ہے۔ حساس اداروں کی رپورٹ کی روشنی میں ایکس پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ کچھ عناصر ایکس کے ذریعے ملک میں عدم استحکام پھیلانا چاہتے ہیں۔ وزرات وزارت داخلہ نے بتایا کہ نہ صرف پاکستان بلکہ دیگر ممالک بھی سوشل میڈیا پرپابندی لگاتے رہتے ہیں۔

عدالت سے استدعا کی گئی کہ درخواست ناقابل سماعت قرار دی جائے اور ملکی مفاد میں اسے مسترد کی جائے۔