فرینکفرٹ میں پاکستانی قونصل جنرل پر افغان شہریوں کا حملہ

  • اتوار 21 / جولائی / 2024

جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں افغان مظاہرین نے پاکستانی قونصل خانے کی عمارت پر پتھراؤ کیا اور چھت پر چڑھ کراور پاکستانی پرچم اتارا۔ اس واقعے کے بعد جرمنی میں پاکستانی سفارتخانے نے ایک مذمتی بیان جاری کیا ہے۔

بیان میں پاکستانی سفارتخانے نے کہا ہے کہ ’ہم شر پسندوں کی جانب سے 20 جولائی 2024 کو فرینکفرٹ میں ہمارے قونصل خانے پر حملے کی مذمت کرتے ہیں۔‘ ہم جرمن حکام سے رابطہ کیا ہے تاکہ دوبارہ ایسی صورتحال پیدا نہ ہو اور  شر پسندوں کو قانونی نتائج کا سامنا کرنا پڑے۔ ہم اپنی کمیونٹی سے پُرامن رہنے کی اپیل کرتے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق سنیچر کو فرینکفرٹ میں درجنوں افغان مظاہرین پاکستانی قونصل خانے کے باہر جمع ہوئے تھے۔ اس واقعے کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں۔

اب تک جرمن حکام کی جانب سے اس واقعے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا ہے۔

روزنامہ ڈان کی رپورٹ کے مطابق افغان باشندوں نے پاکستانی پرچم جلانے کی کوشش بھی کی۔ پاکستانی پرچم کی جگہ افغانی پرچم لہرایا گیا۔ پولیس نے دو افراد کو حراست میں لے لیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق جرمن حکام  نے سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد متعدد افراد کو گرفتار کیا ہے جن سے تفتیش کی جا رہی ہے۔

پاکستان نے فرینکفرٹ جرمنی میں انتہاپسندگروہ کی جانب سے قونصل خانے پر حملےکی شدید مذمت کی۔ ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کی جانب سے جاری بیان میں پاکستان نے جرمنی کی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ویانا کنونشنز کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔

دفترخارجہ نے کہا کہ فرینکفرٹ میں پاکستانی قونصل خانے کی سلامتی کو خطرے میں ڈالاگیا۔ واقعے سے قونصل عملے کی جان کو خطرہ لاحق ہوا۔ سفارتکاروں کی سلامتی یقینی بنانامیزبان حکومت کی ذمہ داری ہے۔

پاکستانی سفارتی حکام نے افسوسناک واقعے پر جرمن وزارت خارجہ سے احتجاج کرتے ہوئے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ پاکستانی حکام کا کہنا تھا کہ غیر ملکی سفارتی تنصیبات کی سیکیورٹی کی ذمہ داری جرمن حکومت کی ہے۔ اس معاملے پر بین الاقوامی برادری میں بھی سفارتی تنصیبات کی سیکیورٹی کے معاملے پر تشویش پائی جاتی ہے۔

جرمن حکام نے پاکستانی سفارتی حکام کو مکمل تحقیقات کی یقین دہانی کرائی ہے۔