آپریشن عزم استحکام کو سیاست کی بھینٹ چڑھایا جارہا ہے: ڈی جی آئی ایس پی آر

  • سوموار 22 / جولائی / 2024

پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ آپریشن عزم استحکام کو سیاست کی بھینٹ چڑھایا جارہا ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے ملک کی سیکیورٹی صورتحال اور قومی سلامتی سے متعلق امور پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ انتہائی سنجیدہ امور کو سیاست کی بھینٹ چڑھایا جارہا ہے۔ عزم استحکام فوجی آپریشن نہیں بلکہ دہشت گردی کے خلاف ایک مربوط مہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ عرصے میں فوج کے خلاف منظم پراپیگینڈے اور جھوٹی خبروں میں اضافہ ہوا ہے۔ بڑھتے جھوٹ اور پروپیگینڈے کے پیش نظر ہم نے تواتر سے پریس کانفرنس کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

 انہوں نے بتایا کہ رواں سال سیکیورٹی فورسز نے 22409 انٹیلی جنس آپریشن کیے جن کے دوران 31 انتہائی مطلوب دہشت گردوں سمیت 398 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا۔ جبکہ 137 افسر اور جوان شہید ہوئے۔ روزانہ کی بنیاد پر 112 آپریشنز کیے جارہے ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ انتہائی سنجیدہ ایشوز کو سیاست کی بھینٹ چڑھایا جا رہا ہے۔ عزم استحکام بھی اسی کی مثال ہے۔ سیاسی مافیا چاہتا ہے کہ عزم استحکام کو متنازع بنایا جائے۔ عزم استحکام آپریشن نہیں دہشت گردی کے خلاف ایک مربوط مہم ہے۔ ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں 2021 کے نظرثانی شدہ نیشنل ایکشن پلان کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں متعلقہ وزرا، وزرائے اعلیٰ، چیف سیکریٹریز موجود تھے۔ اجلاس میں تمام سروسز چیفس بھی موجود تھے۔ ایپکس کمیٹی اجلاس کا ایک اعلامیہ بھی جاری ہوا، اعلامیے میں کہا گیا ہمیں ایک قومی اتفاق رائے سے انسداد دہشت گردی کی پالیسی بنانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عزم استحکام پر سیاست کی جارہی ہے، کیوں ایک مافیا، سیاسی مافیا اور غیرقانونی مافیا کھڑا ہوگیا اور کہنے لگا اس کو ہم نے ہونے نہیں دینا۔ یہ سیاسی مافیا چاہتا ہے کہ عزم استحکام کو متنازع بنایا جائے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہمارا المیہ ہے کہ ہر سنجیدہ معاملے کا سیاست کی وجہ سے مذاق بنایا جاتا ہے۔ پاکستان میں کوئی نوگو ایریا نہیں، عزم استحکام سے متعلق 24 جون کو وزیرِ اعظم آفس سے ایک بیان جاری کیا گیا۔ عزم استحکام فوجی آپریشن نہیں، اس کو متنازع کیوں بنایا جا رہا ہے؟ ایک مضبوط لابی ہے جو چاہتی ہے کہ عزم استحکام کے اغراض و مقاصد پورے نہ ہوں۔ عزم استحکام پر سیاست کی جا رہی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ شدت کے ساتھ لڑی گئی۔ چار سے پانچ آپریشن ہم ہر گھنٹے میں کر رہے ہیں۔ 16 ہزار مدارس رجسٹرڈ ہیں۔ اب بھی 50 فیصد مدارس رجسٹرڈ نہیں۔ کیا یہ فوج نے کرنا ہے؟ تقریباً 32 ہزار سے زائد مدارس پاکستان میں ہیں۔ ان کے علاوہ دیگر مدارس کہاں ہیں؟ کون ان کو چلا رہا ہے ، نیکٹا کے مطابق کے پی میں اے ٹی سی کورٹس 13 اور بلوچستان میں 9 ہیں۔

لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ بڑھتے ہوئے جھوٹ اور پروپیگنڈا کی وجہ سے میڈیا سے مکالمہ بڑھایا جائے گا۔ من گھڑت خبروں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ کچھ عرصے سے پاک فوج کے خلاف جھوٹے پروپیگنڈے میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ بڑھتے جھوٹ اور پروپیگنڈے کے پیش نظر ہم تواتر سے پریس کانفرنس کریں گے۔