سرد جنگ کے بعد امریکہ اور روس میں 24 قیدیوں کا تبادلہ

  • جمعہ 02 / اگست / 2024

امریکہ نے تصدیق کی ہے کہ جمعرات کے روز روس اور مغربی دنیا کے درمیان قیدیوں کے تبادلے میں 24 افراد کو رہا کر دیا گیا ہے۔

یہ سرد جنگ کے بعد روس اور مغربی دنیا کے درمیان قیدیوں کا سب سے بڑا تبادلہ ہے۔ وائٹ ہاؤس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ روس نے 16 قیدیوں کو رہا کیا ہے۔ ان میں امریکی جریدے وال سٹریٹ جرنل کے رپورٹر ایوان گرشکووچ بھی شامل ہیں۔ ان قیدیوں کے بدلے میں امریکہ، ناروے، جرمنی، پولینڈ اور سلووینیا کی جیلوں میں قید آٹھ روسی قیدیوں کو رہا کیا گیا ہے۔

رہا کیے جانے والے روسی قیدیوں میں انٹیلی جنس سرگرمیوں میں ملوث افراد بھی شامل ہیں۔ قیدیوں کا تبادلہ جمعرات کو ترکی کے شہر انقرہ کے ہوائی اڈے کے رن وے پر ہوا۔

رہا کیے جانے والوں میں تین امریکی شہری ایوان گرشکووچ، پال وہیلان، السو کرماشیوا شامل ہیں۔ ان تینوں کو واپس امریکہ لایا جا رہا ہے۔

ولادیمیر کارا مرزا برطانوی اور روسی شہریت کے حامل ہیں جبکہ ان کے پاس امریکہ کا ورک ویزا بھی ہے۔ انہیں جرمنی بھیجا رہا ہے۔ اس کے علاوہ بارہ جرمن اور روسی سیاسی قیدی جرمنی جا رہے ہیں۔

دوسری جانب آٹھ روسی شہریوں کو امریکا، جرمنی، سلووینیا، ناروے اور پولینڈ سے رہائی کے بعد واپس ماسکو لے جایا جا رہا ہے۔