مردان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، کالعدم ٹی ٹی پی کے 4 دہشتگرد ہلاک

  • ہفتہ 03 / اگست / 2024

خیبرپختونخوا کے ضلع مردان میں سیکیورٹی فورسز اور محکمہ انسداد دہشت گردی  نے مشترکہ آپریشن کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے 4 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔

ڈان نیوز کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور سی ٹی ڈی کو ضلع مردان میں ٹی ٹی پی سے تعلق رکھنے والے 4 دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع ملی۔ دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز اور سی ٹی ڈی نے مردان میں تھانہ چورہ کے حدود میں مشترکہ آپریشن کیا۔ اس دوران دہشتگردوں کی جانب سے سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کی گئی۔

سیکیورٹی فورسز کی جانب سے جوابی کارروائی کے نتیجے میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

دوسری جانب، خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کے خلاف جنگ میں 1970 سے اب تک 2 ہزار سے زائد پولیس اہلکار وافسران شہید ہوئے۔ سرکاری دستاویز کے مطابق پشاور میں سب سے زیادہ 367 پولیس اہلکار و افسران شہید ہوئے، بنوں میں 239 پولیس اہلکاروں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانیں گنوائیں، جب کہ ڈیرہ اسمٰعیل خان میں 234 ،مردان 121، سوات میں پولیس کے 104 اہلکار شہید ہوئے۔

اس کے علاوہ ، صوبہ بھر میں ایلیٹ فورس کے 111 اہلکاروں نے بھی جام شہادت نوش کیا۔ قبائلی ضلع کرم میں 54 سالوں کے دوران ایک پولیس اہلکار شہید ہوا، تورغر،کوہستان میں 2،2 قبائلی ضلع مہمند میں 4 پولیس اہلکار شہید ہوئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق سیکورٹی فورسز اور انسداد دہشت گردی کے محکموں کی پولیس نے جون میں مبینہ عسکریت پسندوں کے خلاف 5 کارروائیاں کیں۔ پچھلے مہینے میں یہ تعداد 10 تھی، ان کارروائیوں میں 17 عسکریت پسند مارے گئے، اور 3 زخمی ہوئے۔