حکومت اسمبلیاں تحلیل کرکے نئے انتخابات کرائے: پیپلز پارٹی
پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹینز کے سیکریٹری جنرل نیئر حسین بخاری نے کہا ہے کہ اگر حکومت کو خطرہ ہے تو اسمبلی تحلیل کرکے نئے انتخابات کرالیں۔
نیئر حسین بخاری نے کہا کہ اگر حکومت کو کوئی خطرہ ہے تو ہم سے شیئر کیوں نہیں کیا، پارلیمنٹ میں حکومت کو مضبوط کرنےکو تیار ہیں مگر وہ ڈیلیور تو کرے۔ اگر حکومت کو خطرہ ہے تو اسمبلی تحلیل کرکے نئے انتخابات کرالیں۔ صدر مملکت آصف علی زرداری بارہا کہہ چکے ہیں کہ بیٹھ کر بات کرتے ہیں۔ اگر سسٹم ڈی ریل ہو گیا تو نقصان ملک کا ہوگا۔
نیئر حسین بخاری نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان قابل اعتبار نہیں ہیں، ایک دن کہتے ہیں اسٹیبلشمنٹ سے بات کرنےکو تیار ہیں اور پھر اگلے دن کچھ اور کہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ 8 فروری کے انتخابات کے نتائج کو تحفظات کے ساتھ قبول کیا۔ پیپلز پارٹی کو منصوبے کے تحت کچھ نشستیں نہیں دی گئیں۔
ڈان ٹی وی پر گفتگو کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے سینیٹر تاج حیدر نے کہا تھا کہ پیپلز پارٹی وفاقی حکومت سے مایوس ہوچکی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ وفاقی حکومت نے پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کے لیے سپریم کورٹ جانے کا اعلان کیا تو پیپلز پارٹی کے متعدد رہنماؤں نے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے اس کی مخالفت کی تھی۔