ناروے فٹ بال کپ میں پاکستانی ٹیم دوسرے نمبر پر رہی
- تحریر محمد طارق
- اتوار 04 / اگست / 2024
دنیا کا بڑا یوتھ کلب فٹ بال ٹورنامنٹ 27 جولائی سے لے کر 03 اگست 2024 تک ناروے کے شہر اوسلو میں منعقد ہوا۔ ناروے فٹ بال کپ جسے عرف عام میں ناروے کپ کہا جاتا ہے نوجوان کھلاڑیوں کی ٹیموں کا اہم عالمی مقابلہ ہوتا ہے۔
ناروے کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کا آغاز 1972 میں ناروے کے دارالحکومت اوسلو کے فٹ بال گراونڈ ایکے برگ میں ہوا۔ اب بھی یہ ٹورنامنٹ اوسلو ایکے برگ گراونڈ اور گردونواح کے گراونڈز میں کھیلا جاتا ہے۔ اس ٹورنامنٹ کو مقامی سپورٹس کلب بیکےلاگ اپنے ممبران کے ذریعے اور قومی سپورٹس فیڈریشن کے تعاون سے آرگنائز کرتا ہے۔
ہر سال کی طرح اس سال بھی یوتھ کلب فٹ بال ٹورنامنٹ میں 30 ممالک کی یوتھ ٹیموں نے حصہ لیا، جس میں پاکستان کی 2 یوتھ ٹیمیں بیٹر فیوچر نے پاکستان انڈر 15 کی بوائز کیٹیگری میں اور مسلم ہینڈز پاکستان نے انڈر 17 کی بوائز کیٹیگری میں حصہ لیا۔
ناروے یوتھ کلب فٹ بال کپ 2024 میں 2133 ٹیموں میں 24101 کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ جبکہ کل 5148 کھیلے گئے۔ ٹورنامنٹ میں لڑکوں کی کل ٹیمیں 1460، لڑکیوں کی کل ٹیمیں 644 اور 16 مکس ٹیمیں شامل ہوئیں۔ ناروے یوتھ فٹ بال کپ میں 6 سال کے بچوں سے لے کر 19 سال کے یوتھ، لڑکے اور لڑکیاں حصہ لے رہی تھیں۔
ناروے کلب یوتھ فٹ بال ٹورنامنٹ 2024 کے انڈر 15 کیٹیگری بوائز کے فائنل میں بیٹر فیوچر پاکستان کی ٹیم مخالف ٹیم سے شکست کھا کر دوسرے نمبر پر رہی۔ بیٹر فیوچر پاکستان کی ٹیم فائنل تک ناقابل شکست رہی تھی۔ گروپ میچز اور ناک آؤٹ کے سٹیج سے لے کر فائنل تک بیٹر فیوچر پاکستان کی ٹیم کو نارویجین پاکستانی شائقین کی گراؤنڈ میں بھر پور سپورٹ رہی۔ بیٹر فیوچر پاکستان کے ہر میچ میں نارویجین پاکستانی تماشائی ڈھول ، باجے، پاکستان کے جھنڈوں، نعروں ، تالیوں سے پاکستانی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے رہے۔
مسلم ہینڈز پاکستان کی ٹیم نے بھی یوتھ کلب فٹ بال ٹورنامنٹ 2024 انڈر 17 بوائز کیٹیگری میں اچھے کھیل کے مظاہرہ کیا۔ مسلم ہینڈز پاکستان کی ٹیم اپنے گروپ میچز اور ناک آوٹ میچز میں دوسری ٹیموں کو ہرا کر سیمی فائنل میں پہنچ گئی مگر بدقسمتی سے سیمی فائنل میں میچ ٹائم میں مخالف ٹیم فوردے سے ایک ایک پر برابر میچ کھیلنے کے بعد، پینلٹی سٹوک راونڈ میں 5۔ 4 کے گول سے شکست کھا گئی۔ انڈر 17 بوائز کی کیٹیگری میں مسلم ہینڈز کلب تیسری پوزیشن کے لیے کھیلے گئے میچ میں بھی کامیابی حاصل نہ کر سکا۔ اس طرح مسلم ہینڈز کی ٹیم اپنی کیٹیگری میں چوتھی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی۔
مسلم ہینڈز کی ٹیم کو بھی ہر میچ میں نارویجین پاکستانی شائقین کی بھرپور حمایت رہی۔ مسلم ہینڈز پاکستان کے میچ بھی پاکستان کا سبز سفید پرچم گراؤنڈ کی زینت بنا رہا اور گراؤنڈ ڈھول ، پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونجتے رہے۔
ناروے یوتھ کلب فٹ بال ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر پاکستان سے آنے والی دونوں ٹیموں کی پرفارمنس شاندار رہی۔ ٹیموں کی اعلی کارکردگی کی وجہ سے نارویجین پاکستانی شائقین خواتین، بچے ، بڑے، نوجوان جوق در جوق پورا ہفتہ ہر روز فٹ بال کے میدان میں آکر اپنی ٹیم کی حوصلہ افزائی کرنے کے ساتھ خود بھی خوشگوار موسم میں کھیل سے لطف اندوز ہوتے رہے۔