ارشد ندیم کی کامیابی پر مبارک باد کے پیغامات، انعامات کا اعلان
اولمپکس میں ایتھلیٹ ارشد ندیم کی شاندار کامیابی کے بعد حکومت سندھ اور گورنر کامران ٹیسوری نے 5 کروڑ 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔
یاد رہے کہ 8 اگست کی رات کو ہونے والے جیولین تھرو کے مقابلے میں ارشد ندیم نے ریکارڈ 92 اعشاریہ 97 میٹر کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔ اس طرح کوئی پاکستانی اتھلیٹ 32 سال بعد اولمپک گولڈ میڈل جیتنے میں کامیاب ہؤا۔ اس کامیابی پرحکومت سندھ کے ترجمان اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے پاکستانی ایتھلیٹ کے لیے انعامی رقم کا اعلان کیا۔
مرتضیٰ وہاب کی جانب سے مبارکباد دیتے ہوئے کہنا تھا کہ اولمپکس میں اب تک سب سے لمبی تھرو پھینکنے والے بھی ارشد ندیم ہیں۔ انہوں نے پہلی پوزیشن بھی حاصل کی، اور اس مقابلے میں دوسری بڑی تھرو بھی انہوں نے پھینکی ہے۔
میئر کراچی نے شاندار کارکردگی پر ارشد ندیم کے لیے حکومت سندھ کی جانب سے 5 کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا گیا ہے، مرتضیٰ وہاب کا مزید کہنا تھا کہ کراچی میں ارشد ندیم کے نام سے اسپورٹس اکیڈمی بھی بنائی جائے گی۔ دوسری طرف گورنر سندھ کی جانب سے بھی 10 لاکھ روپے دینے کا اعلان سوشل میڈیا کے ذریعے کیا گیا۔ کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ میں تاریخی فتح پر ارشد ندیم کو 10 لاکھ روپے دینے کا اعلان کرتا ہوں۔
دوسری جانب معروف گلوکار اور اداکار علی ظفر نے بھی ارشد ندیم کی فتح پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی ہے۔ علی ظفر کا پوسٹ میں لکھنا تھا کہ ارشد ندیم اولمپیئن ہیرو ہے، جس نے 92 اعشاریہ 97 میٹر کی تھرو پھینک کر ریکارڈ توڑا اور پاکستان کے لیے طلائی تمغہ جیتا۔
علی ظفر کی جانب سے انعام کی رقم کا اعلان کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اس کارکردگی پر میں انہیں 10 لاکھ روپے انعام سے دوں گا۔ اداکار نے وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو چاہئے کہ اپنے ہیروز کو وہ خوشیاں دیں جس کے وہ مستحق ہیں۔
میئر سکھر کی جانب سے بھی ارشد ندیم کے لیے سونے کے تاج اور اسپورٹس اسٹیڈیم کو ایتھلیٹ کے نام کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ نے کہا کہ سکھر کے عوام کی پُر زور خواہش پر پیرس اولمپکس میں تمغہ جیتنے والے ارشد ندیم کو سونے کا تاج پیش کریں گے۔ دوسری جانب پاکستانی کرکٹرز کی جانب سے بھی ارشد ندیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں مبارکباد دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پیرس اولمپکس میں جیولین تھرو کے مقابلوں میں پاکستان کے ارشد ندیم نے تاریخ رقم کرتے ہوئے اولمپک کی تاریخ کی سب سے بڑی 92.97 میٹر کی تھرو کرتے ہوئے پاکستان کو 32سال بعد اولمپک میں گولڈ میڈل جتوایا۔
’دریں اثنا بی بی بی سی اردو کے مطابق اس کامیاب پر مقابلے میں ارشد ندیم کے مد مقابل نیرج چوپڑا کی والدہ سروج دیوی نے کہا ہے کہ چاندی کا میڈل بھی ہمارے لیے سونے جیسا ہے اور جس نے (ارشد ندیم) سونا جیتا ہے وہ بھی ہمارا بیٹا ہے۔ گزشتہ رات پاکستان کے ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس میں مردوں کے جیولن تھرو کے مقابلوں میں 92.97 میٹر فاصلے پر نیزہ پھینک کر نیا اولمپک ریکارڈ قائم کرتے ہوئے طلائی تمغہ حاصل کر لیا ہے۔ اسی مقابلے میں انڈیا کے نیرج چوپڑا نے چاندی کا تمغہ جیتا ہے۔
نیرج چوپڑا کے چاندی کا تمغہ جیتنے کے بعد ان کی والدہ نے گھر کے باہر جمع میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہم بہت خوش ہیں، ہمارے لیے تو چاندی بھی سونے کے برابر ہے۔ یاد رہے ارشد کے اس طلائی تمغے کے باعث ناصرف پاکستانی قوم کا عالمی کھیلوں میں میڈل کے حصول کا تین دہائیوں سے جاری انتظار ختم ہوا ہے بلکہ یہ ارشد کے کریئر کی بہترین کارکردگی بھی ہے۔
انڈیا کے نیرج چوپڑا نے 2020 کے ٹوکیو اولمپکس میں گولڈ میڈل جیت کر تاریخ رقم کی تھی تاہم گزشتہ روز نیرج چوپڑا کا بہترین تھرو 89.45 میٹر تھا اور یوں وہ مسلسل دوسری بار اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے سے محروم رہے ہیں۔
کھیل ختم ہونے کے بعد پیرس میں نیرج چوپڑا نےکہا کہ ہر ایتھلیٹ کا ایک دن ہوتا ہے، ٹوکیو میں میرا دن تھا لیکن آج ارشد کا دن تھا۔ اور جس ایتھلیٹ کا دن ہوتا ہے اس دن اس کی ہر چیز پرفیکٹ ہوتی ہے جیسے آج ارشد کی تھی۔