جلد بجلی بلوں میں کمی سے متعلق خوشخبری ملے گی: وزیراعظم

  • بدھ 14 / اگست / 2024

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بجلی کے بلوں میں کمی کے بغیر پاکستان کی صنعت، زراعت، برآمدات نہیں بڑھ سکتی ہیں۔ نہ گھریلو صارفین کو تسکین مل سکتی ہے۔ اگلے چند دنوں میں آپ کو بجلی کے بلوں میں کمی سے متعلق خوشخبری ملے گی۔

اسلام آباد میں یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چند دنوں میں 5 سالہ معاشی پروگرام پیش کروں گا، ملکی ترقی کے لیے اپنی جان لڑا دوں گا۔ احساس ہے کہ بجلی کے بلوں اور مہنگائی سے عوام پریشان ہیں، بجلی کے بلوں میں کمی کیے بغیر پاکستان ترقی نہیں کر سکتا، بجلی کے بلوں میں کمی کیے بغیر ہماری برآمدات نہیں بڑھ سکتیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے دن رات کوشش کریں گے۔ کشمیریوں، فلسطینیوں کو ان کا حق ملنے تک ساتھ کھڑے رہیں گے۔ وزیر اعظم کا خطاب میں کہنا تھا کہ ارشد ندیم نے سونے کا تمغہ جتوا کر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حاضرین محفل کو یوم آزادی کی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ آپ کے بزرگوں نے قائد اعظم کی سربراہی میں عظیم قربانیاں دیں، تب جا کر یہ ملک وجود میں آیا، ہم آج تحریک آزادی کے شہدا، غازیوں، قائدین اور کارکنان کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں، جنہوں نے ایک ایسا کام جو کہ بظاہر ناممکن تھا، اسے ممکن کر دکھایا، اور صرف اس خطے کی تاریخ ہی نہیں بلکہ جغرافیہ کو بھی بدل کر رکھ ڈالا۔

شہباز شریف نے کہا کہ عوام یقیناً پریشان ہیں، مجھے اس کا احساس ہے، آخر ہم اس حالت میں کیوں اور کیسے پہنچے، اس کا جواب ہمیں تلاش کرنا ہے۔ جس طرح یہ سچائی ہے، کہ سب اچھا نہیں ہے، تو یہ بھی سچائی ہے کہ سب بُرا بھی نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 77 سال کا یہ سفر مسلسل جدوجہد کی داستان ہے۔ یہ وطن قیامت تک قائم رہے گا۔ میں آج ہر مزدور، دیہاڑی دار، وکلا، اینجینئرز، ڈاکٹرز، طلبہ، اہل قلم، شعرا اور صحافیوں کو بھی سلام پیش کرتا ہوں، کھیل کے میدان میں سر فخر سے بلند کرنے والے کھلاڑیوں کو بھی اور فنکاروں کو بھی سلام پیش کرتا ہوں۔

اسلام آباد میں منعقد تقریب میں خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ اپنے حالات کا جائزہ لے کر یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ زندگی قرضوں، کشکول، اور مانگ کر گزارنی ہے، یا پھر قائد اعظم اور علامہ اقبال کے فرمودات کے مطابق وہ زندگی گزارنی ہے، جس کے پاکستان وجود میں آیا، اور لاکھوں بزرگوں نے قربانیوں دیں۔

loading...