فیض حمید کو میرے خلاف وعدہ معاف گواہ بنانے کی کوشش ہو رہی ہے: عمران خان

  • سوموار 19 / اگست / 2024

پاکستان کے سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید کا سارا ڈرامہ مجھے فوجی عدالت لے جانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔ فیض حمید کو میرے خلاف وعدہ معاف گواہ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں پیر کو توشہ خانہ کیس کی سماعت کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں گزشتہ برس سے قید سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ سب کو معلوم ہے میرے خلاف باقی سارے کیس فارغ ہو چکے ہیں۔ یہ اس لیے مجھے اب ملٹری کورٹس کی طرف لے جانا چاہتے ہیں۔ io جنرل ریٹائرڈ فیض حمید سے کچھ نہ کچھ اگلوانا چاہتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ یہ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید سے کوئی نہ کوئی بیان دلوائیں گے کہ 9 مئی سازش تھی۔ غیر ملکی میڈیا کی جیل تک رسائی نہ ہونے کے باعث وہاں موجود دو مقامی صحافیوں نے وائس آف امریکہ کے نمائندے عاصم علی رانا کو اس گفتگو کی تصدیق کی ہے۔

پاکستان کی فوج نے گزشتہ پیر کو ملک کی طاقت ور خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے سابق سربراہ لیفٹننٹ جنرل (ر) فیض حمید کو تحویل میں لے کر ان کے خلاف کورٹ مارشل کی کارروائی شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔ بعد ازاں فوج نے لیفٹننٹ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید کے خلاف کورٹ مارشل کی کارروائی کے دوران مزید تین سابق افسران کو تحویل میں لینے کا اعلان کیا گیا۔ آئی ایس پی آر نے جمعرات کو جاری ایک بیان میں کہا تھا کہ لیفٹننٹ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید کے خلاف جاری کورٹ مارشل کی کارروائی کے سلسلے میں تین ریٹائرڈ افسران کو فوج کے نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر حراست میں لیا گیا ہے۔