فوج، عدلیہ، سیاستدانوں سمیت سب کو اپنی آئینی حدود میں جانا ہوگا: حافظ نعیم

  • منگل 20 / اگست / 2024

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید سے متعلق لوگ کہہ رہے ہیں کہ انہوں نے اپنی حدود سے تجاوز کیا۔ اگر فوج، سیاستدان، بیورو کریٹس اور عدلیہ سمیت کسی نے حدود پار کی ہیں تو انہیں حدود میں جانا ہوگا۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے ’اجتماع ناظمین‘ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمہوریت کو آگے بڑھانا ہے تو جمہوری رویہ اپنانا ہوگا۔ پاکستان میں ایک آئین موجود ہے، ہر ادارے کو اس پر عمل کرنا چاہیے اور اس کے مطابق کام کرنا چاہیے۔ اگر کسی نے حدود پار کی ہیں تو انہیں حدود میں آنا چاہیے۔ سب آئینی حدود کے تحت کام کرتے ہوئے اپنے اپنے دائرے میں رہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جنرل (ر) فیض حمید کے حوالے سے بہت بات چل رہی ہے۔ اس موقع پر لوگ کہہ رہے ہیں کہ انہوں نے اپنی حدود سے تجاوز کیا لیکن یہ صرف جنرل فیض حمید ہی تو نہیں ہیں، پتہ نہیں کتنے بریگیڈیئر، کرنل اور جنرل ایسے ہیں جو ریٹائرڈ ہیں اور ابھی بھی یہ حرکتیں کررہے ہوں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پھر تو یہ ایک بندے کا مسئلہ نہ ہوا۔ مسئلہ یہ ہوا کہ اس طرز عمل کو تبدیل کرنا ہوگا۔ اسی طرح بیوروکریٹس اور عدالت کو وہ کام کرنا ہوگا جو آئین ان کو کہتا ہے۔ اگر عدلیہ اپنے حدود کو پامال کرے گی تو اس سے افراتفری اور انتشار ہوگا، فوج کے لوگ کریں گے تو بھی فساد ہوگا۔ انہوں نے کہا اگر سیاست دان وقتی مفاد کی خاطر بوٹ پالش کریں گے، یعنی جب اپنے اوپر برا وقت آئے تو اسٹیبلشمنٹ کو گالیاں دینا شروع کردو اور پھر اسی اسٹیبلشمنٹ سے ساز باز کرکے اپنے لیے راستے تیار کرو اور اقتدار میں آنے کے لیے سودے بازی کرو۔

حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ پھر یہ سیاست دان خود اپنے اندر جمہوریت کو پنپنے نہیں دیتے۔ فیملی انٹرپرائزز، شخصیات کے مطابق سب کچھ چلتا ہے۔ وہاں جمہوریت نہیں اور نہ وہ جمہوریت کو پسند کرتے ہیں، سب کو اپنی اپنی آئینی حدود میں جانا ہوگا۔

پورے ملک میں بدامنی پھیلی ہوئی ہے، سندھ کے کچے میں ڈاکو راج ہے، بلوچستان میں لوگ احتجاج کررہے ہیں، بلوچستان کا سب سے بڑا مسئلہ لاپتا افراد ہیں۔ لاپتا افراد کا مسئلہ فوری حل ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکمران اپنی شاہ خرچیاں کم کریں تو عوام کو ریلیف مل سکتا ہے۔ تنخواہوں اور مکان کے کرائے سے زیادہ بجلی کے بل آجاتے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف خود اعتراف کرتے ہیں کہ غریب آدمی بجلی کا بل نہیں دے سکتا۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی 28اگست کو ملک بھر میں احتجاج کرے گی۔