ایران میں پاکستانی زائرین کی بس کو حادثہ، 35 افراد جاں بحق

  • بدھ 21 / اگست / 2024

ایرانی شہر یزد میں پاکستانی زائرین کی بس خوفناک حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں 35 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ دیگر 18 زخمی افراد کی حالت نازک ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق ایران سے عراق جانے والی زائرین کی بس ایران کے شہر یزد میں خوفناک حادثے کا شکار ہوئی، جس میں 53 زائرین سوار تھے۔ بیشتر کا تعلق لاڑکانہ، گھوٹکی اور سندھ کے دیگر شہروں سے ہے۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق ابتدائی رپورٹس سے پتا چلتا ہے کہ بس کو حادثہ بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا۔ زخمیوں کو قریبی ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ ایران میں تعینات پاکستانی سفیر مدثر ٹیپو کا کہنا تھا کہ میرے پاس غم کا اظہار کرنے کے لیے الفاظ نہیں ہیں لیکن یقین دلاتا ہوں کہ جاں بحق افراد کی میتیں وطن واپس لانے کے لیے ہر ممکن کوشش کروں گا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں ان کا کہنا تھا کہ حکام آج صبح سفارت خانے سے تقریباً 700 کلومیٹر دور یزد کے لیے روانہ ہو چکے ہیں۔ ایرانی شہر زاہدان میں ایک افسر ہنگامی انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔ میں اہم انتظامات کے لیے ایران کی حکومت اور یزد کے میئر کے دفتر سے رابطے میں ہوں۔

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستانی زائرین کی بس کو حادثے پر اظہار افسوس کیا ہے۔ آصف علی زرداری نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کی مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر و جمیل کی دعا کی ہے۔ صدر مملکت نے وزارت خارجہ کو میتیں پاکستان لانے اور زخمیوں کو بروقت امداد پہنچانےکی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے حادثے میں جاں بحق افراد کےخاندانوں سے اظہار ہمدری کیا ہے جبکہ زخمیوں کی جلد صحتیابی کےلیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔ شہباز شریف نے تہران میں پاکستانی سفارتخانےکو متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن مدد فراہمی کی ہدایت کی ہے۔