پشین میں دھماکا، 2 بچے اور خاتون جاں بحق، 13 زخمی

  • ہفتہ 24 / اگست / 2024

بلوچستان کے ضلع پشین کے مرکزی بازار سرخاب چوک پر دھماکا ہوا ہے، جس کے نتیجے میں 2 بچے اور ایک خاتون جاں بحق ہوگئیں جبکہ 2 پولیس اہلکاروں سمیت 13 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ دھماکا پشین کے مرکزی بازار سرخاب چوک پر ہوا، جس کے نتیجے میں 2 بجے جاں بحق اور 2 پولیس اہلکاروں سمیت 10 افراد زخمی ہوئے۔ پولیس  نے بتایا کہ 2 پولیس اہلکاروں سمیت 4 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، جنہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد کوئٹہ کے ہسپتال ریفر کر دیا گیا ہے۔

بظاہر دھماکا خیز مواد موٹرسائیکل میں نصب کیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں 3 گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ ایس ایچ او مجیب الرحمٰن نے کہا کہ محکمہ انسداد دہشت گردی اور بم ڈسپوزل اسکواڈ تحقیقات کے لیے شواہد اکٹھے کرنے کے لیے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ہیں۔

پشین سول ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کے مطابق 2 بچے جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ 2 خواتین سمیت 14 افراد زخمی ہیں۔ زخمیوں میں سے 13 کو کوئٹہ ٹراما سینٹر ریفر کیا گیا، جہاں ایک خاتون زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسیں۔

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے پشین میں دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔ صدر مملکت نے دھماکے میں کم سن بچوں کی شہادت پر رنج اور غم کا اظہار کرتے ہوئے بچوں کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ذمے داران کو قانون کے مطابق سخت سزا دلائی جائے، آصف زرداری نے شہید بچوں کے لی ے بلندی درجات ، اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے دھماکے کی شدید مذمت اور کم سن بچوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نے واقعے میں زخمی پولیس اہلکاروں سمیت دیگر افراد کی صحتیابی کی دعا کی ہے، شہباز شریف کا کہنا تھا کہ زخمی افراد کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔