ملک دشمنوں سے بات نہیں ہوگی، دہشتگردی ختم کرنے کا وقت آ گیا: وزیراعظم

  • منگل 27 / اگست / 2024

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک دشمنوں کےساتھ کوئی بات نہیں ہوگی، اس دہشت گردی کو ختم کرنےکا وقت آپہنچا ہے۔

منگل کو وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ملک دشمنوں کےساتھ کوئی بات نہیں ہوگی۔ دہشت گرد پاکستان اور چین میں فاصلے پیدا کرنا چاہتے ہیں، دہشت گردوں کے لیے ملک میں کوئی جگہ نہیں ہے۔ اس دہشت گردی کو ختم کرنےکا وقت آپہنچا ہے۔ اس سلسلے میں دی گئی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ پاکستان کی فوج کے سربراہ سے بات ہوئی ہے اور دہشت گردی کو ختم کرنے کے لیے تمام وسائل مہیا کیے جائیں گے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گرد پاکستان میں خلفشار پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ وہ چاہتے ہیں کہ بلوچستان میں اس کی ترقی کے لیے کیے جانے والے اقدامات میں رخنہ ڈالا جائے۔ بہت جلد بلوچستان کا دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لوں گا۔ صوبائی حکومتوں کےساتھ مل کر اقدامات کر رہے ہیں، ہمیں دشمن کے مذموم عزائم کو پہچاننا ہو گا۔

کسی قسم کی کمزوری اور ضعف کا سوال نہیں پیدا ہوتا۔ بلوچستان میں جو لوگ پاکستان کے آئین، اس کے جھنڈے کو تسلیم کرتے ہیں، ان کے ساتھ بات چیت کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں۔ لیکن جو اس آڑ میں دوست نما دشمن ہیں، ان کے ساتھ نہ کوئی بات ہو سکتی ہے، نہ ان کے ساتھ کسی قسم کا نرم رویہ اختیار کیا جا سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ واضح پیغام ہے۔ اس میں کوئی دو رائے نہیں ہو سکتی۔ کل کے واقعات سب کے لیے لمحہ فکریہ ہیں، ہم ان مشکلات کو عبور کریں گے۔

پاکستان کے صوبے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں 25 اگست کی شب شروع ہونے والے حملوں میں 10 فوجی اہلکاروں سمیت چار درجن سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں، جس کے بعد بلوچستان حکومت کا کہنا ہے کہ ’معصوم شہریوں کے قاتلوں سے بدلہ لیا جائے گا۔‘