خیبر پختونخوا: وادی تیراہ میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 25 دہشت گرد ہلاک

  • منگل 27 / اگست / 2024

سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر کی وادی تیراہ میں کامیاب آپریشن کے دوران 25 دہشتگردوں کو ہلاک کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز نے خیبرکےعلاقے تیراہ میں خفیہ اطلاعات پر یہ آپریشن کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں خارجی سرغنہ ابوزر عرف صدام بھی شامل ہے۔ ترجمان پاک فوج نے کہا کہ آپریشن کےدوران فورسز کے4 جوان بھی شہید ہوئے۔

آپریشن کے دوران 25 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا، اس دوران فتنہ خوارج کے 11 دہشت گرد زخمی بھی ہوئے۔ واضح رہے کہ 2 روز قبل بلوچستان میں مختلف علاقوں میں دہشتگردوں کی جانب سے بزدلانہ حملے کیے گئے جس کے جواب میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 21 دہشت گرد ہلاک ہو گئے، آپریشن کے دوران 14 سیکیورٹی اہلکار بھی شہید ہوئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق گزشتہ رات بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشتگردوں کی جانب سے بزدلانہ حملے کیے گئے، حملوں کا مقصد بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال خراب کرنا تھا۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا تھا کہ سیکیورٹی فورسز کی موثر اور بروقت کارروائی میں 21 دہشتگرد ہلاک ہوئے، آپریشن کے دوران پاک فوج کے 10 جوان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 4 اہلکار بھی شہید ہوئے۔