دیر بالا میں گھر گرنے سے ایک ہی خاندان کے 12 افراد جاں بحق
خیبرپختونخوا کے علاقے دیر بالا میں مسلسل ہونے والی بارش کے بعد لینڈ سلائیڈنگ سے ایک گھر کے نیچے دب کر 12 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔
ریسکیو 1122 کے مطابق گھر مکمل طور پر منہدم ہوا ہے جس سے گھر میں خواتین و بچوں سمیت تمام 12 افراد دب گئے۔ مقامی لوگوں کی مدد سے ریسکیو 1122 نے سرچ آپریشن شروع کیا اور ملبے تلے موجود لاشیں نکالیں ور انہیں ہسپتال منتقل کر دیا۔
دوسری جانب دیربالا میں مون سون کی شدید بارشوں سے دریائے کوہستان میں سیلابی صورتحال اور کئی رابطہ پل ، سڑکوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔ زمینی رابطہ منقطع ہونے سے شہری اور سیاحوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
دریں اثنا محکمہ موسمیات نے صوبہ سندھ کی ساحلی پٹی پر طوفان کا الرٹ جاری کرتے ہوئے کراچی، حیدرآباد سمیت سندھ کی ساحلی پٹی پر موسلا دھار بارشوں کی بھی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات نے صوبہ سندھ کی ساحلی پٹی پر طوفان کا دوسرا الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیپ ڈپریشن کراچی کے جنوب مشرق میں 250 کلومیٹر کے فاصلے پر موجود ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری الرٹ میں کہا گیا کہ ڈیپ ڈپریشن گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران انڈیا سے جنوب مغرب کی جانب بڑھ گیا ہے۔ سمندری طوفان تیز ہواؤں کے ساتھ ناہموار رہنے کا امکان ہے اور ڈیپ ڈپریشن صبح تک سندھ کے ساحل کے ساتھ بحیرہ عرب میں ابھرے گا۔
ادارے نے بیان میں کہا کہ سازگار ماحولیاتی حالات کے باعث سمندری طوفان میں تبدیل ہوسکتا ہے اور سائیکلون کے زیر اثر کراچی میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔