بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 5 دہشت گرد ہلاک

  • جمعہ 30 / اگست / 2024

سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ  کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع کیچ، پنجگور اور ژوب میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیاں کرتے ہوئے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ گزشتہ رات کارروائیوں میں شدید فائرنگ سے 3 دہشت گرد زخمی بھی ہوئے۔ ترجمان پاک فوج نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف یہ کامیاب کارروائیاں 26 اگست کو بلوچستان میں دہشت گردی واقعات کے پس منظر میں کی گئیں۔

واضح رہے 26 اگست کو بلوچستان میں دہشت گردی کے مختلف واقعات میں 14 اہلکاروں سمیت 50 افراد کو قتل کردیا تھا جب کہ سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 21 دہشت گرد ہلاک ہوئے تھے۔

ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات میں نامعلوم مسلح افراد نے مستونگ، قلات، پسنی اور سنتسر میں لیویز اور پولیس تھانوں پر حملے کیے، جس کے نتیجے میں متعدد اموات ہوئیں۔ سبی، پنجگور، مستونگ، تربت، بیلہ اور کوئٹہ میں دھماکوں اور دستی بم حملوں کی بھی اطلاعات موصول ہوئیں، حکام نے تصدیق کی کہ حملہ آوروں نے مستونگ کے بائی پاس علاقے کے قریب پاکستان اور ایران کو ملانے والے ریلوے ٹریک کو دھماکے سے اڑا دیا۔