عمران خان و بشریٰ بی بی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 16 ستمبر تک توسیع

  • سوموار 02 / ستمبر / 2024

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے نئے توشہ خانہ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 16 ستمبر تک توسیع کردی ہے۔

احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے اڈیالہ جیل میں سماعت کی۔ عمران خان اور بشریٰ بی بی کے وکلا سلمان صفدر، انتظار پنجوتھا اور خالد یوسف چوہدری عدالت میں پیش ہوئے۔ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو بھی کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا۔ نیب کے پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی، عمیر مجید عدالت میں پیش ہوئے۔

وکیل صفائی سلمان صفدر نے دلائل کا آغاز کرتے ہوئے بتایا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ کا نیا ریفرنس پہلے ریفرنس جیسا ہی ہے۔ ایک ہی طرح کے الزام میں دو ریفرنس نہیں بنائے جاسکتے۔ اس پر نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ دستاویزات سے ہی ثابت ہوسکتا ہے کہ نیا ریفرنس پہلے ریفرنس سے مشابہت رکھتا ہے یا نہیں۔

ساتھ ہی نیب پراسیکیوٹر نے توشہ خانہ کے پرانے ریفرنس کا جوڈیشل ریکارڈ طلب کرنے کی درخواست دی۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد نیب کی جوڈیشل ریکارڈ طلب کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 16 ستمبر تک توسیع کردی۔

واضح رہے کہ عدالت عمران خان اور بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ کے نئے ریفرنس میں ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواستوں پر 6 ستمبر کو سماعت کرے گی۔