تحریک تحفظ آئین پاکستان نے آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا مطالبہ کردیا

  • بدھ 04 / ستمبر / 2024

تحریک تحفظ آئین پاکستان نے بلوچستان کے مسائل اور ملک میں عدم استحکام پر آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اپنی انا سے باہر نکلے کیونکہ بلوچستان میں جو کچھ ہو رہا ہے اس کے لیے اس وقت سنجیدگی کے ساتھ بیٹھک کی ضرورت ہے۔

تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے اسلام آباد میں دیگر اپوزیشن رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے الائنس  نے بلوچستان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم اسپیکر سے ملیں گے اور ان سے درخواست کریں گے کہ بلوچستان کے حوالے سے سیر حاصل بحث ہونی چاہیے اور حکومت پارلیمنٹ میں آ کر بتائے کہ وہ بلوچستان کے بارے میں کیا پالیسی رکھتی ہے۔

دو دن سے میں خود اسمبلی کے فلور پر یہ بات کررہا ہوں کہ بلوچستان کے حوالے سے گفتگو ہونی چاہیے لیکن حکومت نے کوئی سنجیدگی نہیں دکھائی۔ انہوں نے کہا کہ اس وجہ سے قومی اسمبلی کے رکن اور سابق وزیر اعلیٰ اختر مینگل نے حالات سے مایوس ہو کر استعفیٰ دیا۔ یہ بہت زیادہ تشویشناک بات ہے کہ اگر ہمارے سیاسی لوگ اس طرح سے مایوس ہوتے ہیں اور وہ سمجھتے ہیں کہ وہ اس پارلیمنٹ کی وجہ سے اپنے علاقے میں اپنی عزت کھو بیٹھتے ہیں تو پھر اس پارلیمنٹ کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم حکومت سے دوٹوک الفاظ میں کہنا چاہتے ہیں کہ خدارا اس قوم اور ملک پر رحم کریں، اپنی انا سے باہر نکلیں اور اس وقت بلوچستان میں جو کچھ ہو رہا ہے اس کے لیے سنجیدگی کے ساتھ بیٹھک چاہیے۔