فیض حمید کیس میں ملوث ہر شخص کے خلاف کارروائی ہوگی: ڈی جی آئی ایس پی آر

  • جمعرات 05 / ستمبر / 2024

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ  کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہےکہ پاکستان آرمی ایکٹ کی خلاف ورزیوں کے متعدد واقعات ثابت ہونے پر لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کے خلاف فیلڈ مارشل کارروائیوں کا آغاز کردیا گیا ہے۔

کیس میں جو بھی ملوث ہو، خواہ اس کا کوئی بھی عہدہ یا حیثیت ہو اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پریس کانفرنس کا مقصد قومی سلامتی کے معاملات، خطے کی داخلی سلامتی سے جڑے معاملات اور دہشت گردی کے خلاف کیے گئے اقدامات کا احاطہ کرنا ہے۔ سب سے پہلے فتنہ الخوارج اور بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف کی گئی کارروائیوں کا جائزہ پیش کرنا ہے، دہشت گردوں اور سہولت کاروں کے خلاف اس سال32 ہزار 173 آپریشنز کیے۔

ان آپریشنز کے دوران 90 خوارج کو واصل جہنم کیا گیا، دہشت گردی کے ناسور سے نمٹنے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر 130 سے زائد آپریشن کیے جا رہے ہیں۔ ان آپریشنز کے دوران 193 افسران اور جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔ قوم شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے، آخری خارجی اور دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔

جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ 20 اگست سے وادی تیراہ میں فتنہ الخوارج، نام نہاد کالعدم تنظیم لشکر اسلام اور جماعت الحرار کے خلاف کامیاب آپریشن کیا گیا، کامیاب آپریشن کے نتیجے میں فتنہ الخوارج کو بڑا دھچکا لگا۔ کارروائیوں کے دوران انتہائی مطلوب خارجی ابوذر المعروف صدام سمیت 37 خوارج کو جہنم واصل کیا گیا جب کہ 14 دہشت گرد زخمی ہوئے، اس دوران ہمارے 4 بہادر جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔

انہوں نے کہا کہ 25 اور 26 اگست کی رات دہشت گردوں نے بلوچستان میں کارروائیاں کیں۔ یہ کارروائیاں اندورن، بیرون ملک دہشت گردوں کی ایما پر کی گئیں۔ ان کا مقصد معصوم اور بے گناہ افراد کو نشانہ بنا کر بلوچستان کے پرامن ماحول اور ترقی کو متاثر کرنا ہے۔ فورسز نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے 21 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا، اس دوران 14 جوان شہید ہوئے۔ ہمیں معلوم ہے کہ بلوچستان کے عوام میں احساس محرومی اور ریاستی جبر کا تاثر بھی پایا جاتا ہے، جس کو بیرونی ایما پر مخصوص عناصر منفی مقاصد کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ ان کا مقصد یہ ہے کہ بلوچستان میں ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کا جاری عمل کو خوف و ہراس کے ذریعے متاثر کیا جا سکے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ جب دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں ہوں گی، جب ترقی نہیں ہوگی تو اس سے احساس محرومی اور ریاستی در اندازی کا بیانیہ مزید بڑھے گا۔ دہشت گردوں کے سر پرست ریاست کو مزید مورد الزام ٹھرائیں گے اور گھناؤنے عمل کو جاری رکھ سکیں گے۔ 25، 26 اگست کی رات کو ہونے والے واقعات اسی بیرونی فنڈنگ پر چلنے والے کھیل کا حصہ تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج خود احتسابی کے عمل پر یقین رکھتی ہے۔ اس کا خود احتسابی کا نظام انتہائی جامع اور مضبوط عمل جو ٹائم ٹیسٹڈ ہے۔ یہ الزامات کے بجائے، ٹھوس شواہد اور ثبوتوں کی بنیاد پر کام کرتا ہے۔ جب بھی فوج میں قائم قوانین اور ضابطوں کی خلاف ورزی ہوتی ہے تو یہ خود کار نظام حرکت میں آتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 12 اگست کو آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کے خلاف کورٹ مارشل کی کارروائی کے حوالے سے بتایا گیا تھا۔ ریٹائرڈ افسر کے خلاف ٹاپ سٹی کیس میں باضابطہ طورپر درخواست موصول ہوئی۔ اپریل 2024 میں پاک فوج کی طرف سے اعلیٰ سطح کی کورٹ آف انکوائری کا حکم دیا گیا تاکہ مکمل تحقیقات کی جاسکے۔

ٹھوس شواہد پر مبنی تفصیلی انکوائی مکمل ہونے کے بعد 12 اگست 2024 کو پاکستان آرمی نے باضابطہ طور پر آگاہ کیا کہ متعلقہ ریٹائرڈ افسر نے پاکستان آرمی ایکٹ کی دفعات کی خلاف ورزیاں کی ہیں۔ ریٹائرمنٹ کے بعد ان کی جانب سے متعلقہ قوانین کی خلاف ورزیوں کے متعدد واقعات بھی سامنے آئے، ان بنیادوں پر فیلڈ مارشل کارروائیوں کا آغاز کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان آرمی قومی فوج ہے۔ اس کا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں ہے۔ نہ یہ کسی سیاسی جماعت کی مخالف ہے، نہ طرفدار۔ فوج کا ہر حکومت کے ساتھ پیشہ ورانہ تعلق ہوتا ہے جو آئین اور قانون میں مناسب طور پر بیان کیا گیا ہے۔ اگر فوج میں کوئی شخص اپنے ذاتی مفادات کے حصول کے لیے کام کرتا ہے یا اپنے ذاتی فائدے کے لیے کسی مخصوص سیاسی ایجنڈے کو پروان چڑھاتا ہے تو پاک فوج کا خود احتسابی کا نظام حرکت میں آتا ہے۔ ثبوت اور شواہد کی روشنی میں ذمے داروں کو ان کے اعمال کا جوابدہ ہونا پڑتا ہے، جاری عمل اس بات کی ایک اور دلیل ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج میں اتفاق رائے ہے کہ فوج کو بحیثیت ریاستی ادارہ کسی بھی سیاسی مفاد کی تکمیل کے طور پر استعمال سے محفوظ رکھا جائے گا۔ متعلقہ افسران کو قانون کے تحت مرضی کا وکیل کرنے، اپیل سمیت دیگر حقوق حاصل ہوں گے۔ فیض حمید کیس اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ پاک فوج ذاتی اور سیاسی مفادات کے لیے کی گئی خلاف ورزیوں کو کس قدر سنجیدگی سے لیتی ہے اور بلا تفریق قانون کے مطابق کارروائی کرتی ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ اس طرح کی بلا تفریق خود احتسابی باقی اداروں کو بھی ترغیب دیتی ہے کہ اگر ذاتی یا سیاسی مقاصد کے لیے کوئی اپنے منصب کو استعمال کرتا ہے تو اس کو وہ بھی جوابدہ کریں گے۔ ریاستی اداروں پر عوامی اعتماد ہی ان کا بہترین سرمایہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ انسداد دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی جنگ ایک منظور شدہ اور مربوط حکمت عملی کے تحت لڑی جارہی ہے۔ مختلف سیاسی جماعتوں، اسٹیک ہولڈرز اور تمام حکومتوں نے اس حکمت عملی کو مرتب کیا ہے۔ یہ نیشنل ایکشن پلان اور ریوائزڈ نیشنل ایکشن پلان اور اب عزم استحکام کے نام سے ایک دستاویزی شکل میں بھی موجود ہے۔ اس میں افواج پاکستان، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جو کام ہیں، وہ بھی ایک مربوط حکمت عملی کےتحت کیے جاتے ہیں۔ اس کے چار مراحل ہیں کلیئر، ہولڈ، بلڈ اور ٹرانسفر تو جو دہشتگردی بڑھ رہی ہے ہمیں سمجھنا ہوگا کیا ہو رہا ہے۔

اس مربوط حکمت عملی کے تحت جو قانون نافذ کرنے والے اداروں اور فوج نے کام کرنا ہے کہ دہشگردوں سے علاقوں سے ختم کرنا اور ان کو عارضی طور پر ہولڈ کرنا تاکہ وہاں پر باقی عہدیداران ہیں، انتظامیہ ہے وہاں پر اس کے لیےسازگار ماحول فراہم کرنا ہے تاکہ جس میں اکر وہ سماجی اور معاشی منصوبے لگائے اور پھر اس علاقے کو مکمل طور پر اپنے اختیار میں لے۔ اس میں جو قانون نافذ کرنے والے اداروں اور فوج ہے اس نے دو دہائیوں سے زیادہ دہشتگردی کی جنگ لڑی ہے اس میں 46 ہزار مربع کلومیٹر سے زیادہ علاقے کو دہشتگردوں سے کلیئر کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس لیے ہم ہمیشہ کہتے آئے ہیں کہ پاکستان میں کوئی عملاً ایسا علاقہ نہیں جہاں دہشتگردوں کی اجارہ داری ہو، تو جو کلیئر اور ہولڈ کے مراحل ہیں وہ تو مکمل ہو چکے ہیں۔ انٹیلی جنس بیسڈ چھوٹے بڑے تمام آپریشنز جو قانون نافذ کرنے والے اداروں جس میں پولیس، انٹیلی جنس ایجنسیز بھی شامل ہے یہ اسی کو مزید تقویت اور دوام دینے کے لیے کیے جاتے ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا فوج بڑھ چڑھ کر وفاقی، صوبائی حکومت اور لوکل گورنمنٹ کی اعانت کرتی ہے اور صحت کے تعلیم کے روزگار کے ترقی کے متعدد منصوبے خیبرپختونخوا، بلوچستان میں پاک فوج کے یونٹس اور فارمیشن ہیں وہ یہ کام کرتی ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر اس سلسلے میں حکومت پاکستان افغان عبوری حکومت کے ساتھ رابطے میں ہے۔ افغانستان ہمارا برادر اسلامی ملک ہے اور پاکستان نے اس نے ہمیشہ بڑھ چڑھ کر ساتھ دیا ہے اور ہم یہ چاہتے ہیں کہ وہ پاکستان پر خوارجین پر قطعاً فوقیت نہ دے۔ وہ خوارجی جن کا نہ کوئی دین اسلام سے تعلق ہے اور نہ ان کا کوئی انسانیت سے تعلق سے ہے اور نہ ان کا کوئی قبائلی اقدار سے تعلق ہے۔ حکومت پاکستان اور افغانستان کے درمیان بہت سی چیزوں پر اچھے تعلقات ہیں اور جو لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ ان دو برادر اسلامی ممالک میں غلط فہمیاں پیدا کرکے رخنہ ڈال دیں ان کو ہم یہی کہیں گے وہ خیالی دنیا میں رہتے ہیں۔

عزم استحکام کے نام سے نظرثانی نیشنل ایکشن پلان کی نئی شکل سامنے آئی ہے۔ اسے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بیٹھ کر پیش کیا۔ اس کا مقصد دہشتگردی کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے اقدامات تجویز کیے ہیں۔ تین اہم جو اقدامات میں پاکستان کے فوجداری قانون کو مضبوط کرنا، دہشگروں کے اور جرائم پیشہ مافیاز کے گٹھ جوڑ کو توڑنا اور تیسرا پوری قوم یک زبان ہو کر دہشتگردی اور شدت پسندی کے خلاف ایک بیانیے پر کھڑی ہو۔

اس میں باقی اسٹیک ہولڈرز کی ذمہ داری ہے۔ ہم ان کی ہمیشہ کی طرح بھرپور اعانت اور معاونت کرتے رہیں گے۔

اس سوال پر کہ فیض حمید اور ان کے کورٹ مارشل کی کارروائی آگے بڑھنے کے دوران پی ٹی آئی کی جانب سے خدشات کا اظہار کیا جا رہا ہے کہ عمران خان کو فوجی تحویل میں لیا جا سکتا ہے یا ان کے خلاف فوجی ایکٹ تحت کارروائی ہوسکتی ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ ایک زیر سماعت معاملہ ہے اور آپ کا سوال مفروضوں پر مبنی ہے۔ لیکن میں آپ کو یہ ضرور کہوں گا کہ فوجی قانون کے مطابق کوئی بھی شخص، اگر کسی فرد یا افراد کو جو آرمی ایکٹ کے تابع ہو، ان کو ذاتی یا سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرے اور اس کے ثبوت اور شواہد موجود ہوں تو قانون اپنا راستہ خود بنا لےگا۔

فیض حمید کے معاملے سے متعلق ایک سوال پر انہوں نے زور دے کر کہا کہ اس فیض حمید کیس میں جو بھی ملوث ہو، خواہ اس کا کوئی بھی عہدہ یا حیثیت ہو اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔

میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ پاکستانی فوج کے جوان اور افسر خود پاکستان کے نچلے اور متوسط طبقے سے آتے ہیں عمومی طور پر یہ اشرافیہ یا ایلیٹ طبقے سے نہیں آتے، ہمیں معیشیت اور مہنگائی کا ادارک ہے، ہم بھی اس پر اسی طرح نبرد آزما ہوتے ہیں جیسے پاکستان کی عوام ہوتے ہیں۔ میں یہاں پر انفرادی طور پر بات نہیں کروں گا بلکہ ادارہ جاتی طور پر بات کروں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری پریس ریلیز میں بتایا گیا تھا کہ ریٹائرڈ افسر پر یہ الزام بھی ہے کہ انہوں نے ذاتی مقاصد کے لیے مخصوص سیاسی عناصر کی ایما پر قانون کی آئینی حدود سے تجاوز کیا، اگر کوئی شخص ذاتی حیثیت میں ذاتی فائدے کے لیے کوئی غیر قانونی کام کرتا ہے تو بغیر ثبوت اور شواہد کے اسے کسی اور شخص سے منسلک کرنا مناسب نہیں، یہ جو ایک سرگرمی ہے یہ جو کیس ہے فیض حمید کا یہ سب جوڈیس معاملہ ہے، اس کی تفصیلات سے آگاہ کیا جاتا رہے گا۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بلوچستان پر میں کھل کر بات کرنا چاہوں گا۔ بلوچستان پاکستان کی جان ہے اور ہماری شان اور آن ہے۔ شاید ہی کوئی ایسا افسر ہو جس نے بلوچستان میں ٹریننگ نہ لی ہو، ہمارے لیے یہ گھر کا رتبہ رکھتا ہے۔ یہ پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے، ایک زیادہ رقبے میں کم آبادی کے مسائل نے وہاں جنم لیا ہے۔ بلوچستان میں صرف بلوچ نہیں بلکہ پختون، براہوی اور دیگر قومیں آباد ہیں، بلوچ کی کثیر تعداد پاکستان کے دیگر علاقوں میں آباد ہیں۔