پاکستانی شہری پر نیویارک میں یہودیوں کے قتلِ عام کی منصوبہ بندی کا الزام

  • ہفتہ 07 / ستمبر / 2024

امریکہ کے محکمہ انصاف کے مطابق 20 سالہ پاکستانی شہری کو نیویارک میں یہودیوں کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کے الزام میں کینیڈا سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔

محکمۂ انصاف کی جانب سے جمعے کو جاری بیان کے مطابق پاکستانی شہری شاہ زیب جدون کو رواں ہفتے کینیڈا کے صوبے کیوبک سے گرفتار کیا گیا جس پر الزام ہے کہ وہ بروکلین میں یہودیوں کے ایک سینٹر پر خود کار اور نیم خود کار ہتھیاروں کے ذریعے قتل عام کا منصوبہ بنا رہا تھا۔ اس مقصد کے لیے اسے داعش کی حمایت بھی حاصل تھی۔ پراسیکیوٹر کے مطابق منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ملزم کینیڈا سے نیویارک آ رہا تھا۔

کینیڈین حکام نے شاہ زیب کو چار ستمبر کو اس وقت گرفتار کیا جب وہ امریکہ میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔ اسے امریکی ریاست نیویارک کی سرحد سے 12 میل کے فاصلے پر اورسمٹاؤن کے مقام سے حراست میں لیا گیا۔ پراسیکیوٹر کے مطابق ملزم نے امریکی سرحد کے قریب پہنچنے تک اپنے سفر کے دوران تین مرتبہ گاڑی تبدیل کی۔

امریکی اٹارنی جنرل میرک گارلینڈ کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے  اور کینیڈا کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے فوری اقدام کی وجہ سے ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے۔ اٹارنی جنرل نے کہا کہ ملک میں کسی بھی کمیونٹی کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ امریکہ کا محکمہ انصاف اپنے ملکی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر داعش اور اس کے حامیوں کے خطرات سے نمٹتا رہے گا۔

پراسیکیورٹر کے دفتر نے ان سوالات کا جواب دینے سے انکار کیا ہے کہ ملزم شاہ زیب کو کہاں رکھا گیا ہے اور انہیں الزامات کا سامنا کرنے کے لیے کب امریکہ لایا جائے گا۔ اب تک یہ واضح نہیں ہے کہ آیا ملزم شاہ زیب کا کوئی وکیل ہے جب کہ کیس کو دیکھنے والے مین ہٹن فیڈرل پراسیکیوٹر کے دفتر کے ترجمان ایڈورڈ کم نے اس ضمن میں سوالات کے جواب دینے سے انکار کیا۔

ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کرسٹوفر رے کا کہنا ہے کہ اسرائیل پر حماس کے حملے کے ایک سال بعد، ملزم شاہ زیب امریکہ کے اندر یہودیوں کو قتل کرنے کا ارادہ رکھتا تھا۔ قانون نافذ کرنے والے دو افسران سے گفتگو کے دوران شاہ زیب نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وہ اور امریکہ میں مقیم داعش کا ایک حامی حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

حکام کے مطابق شاہ زیب نے اپنے ممکنہ حملوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ وہ اسرائیل پر سات اکتوبر کو ہونے والے حملے کی برسی پر یا یہودیوں کے یومِ کپور پر 11 اکتوبر کو حملہ کرنے کا ارادہ رکھتے تھے۔