فیض حمید ذمےدار عہدے پر بیٹھ کر مخصوص سیاسی جماعت کو اوپر لا رہے تھے: سیکیورٹی حکام

  • جمعرات 19 / ستمبر / 2024

ملک کے اعلیٰ سیکیورٹی حکام نے کہا ہے کہ فوج آئین کی وفادار ہوتی ہے۔ اس کی کوئی سیاسی سوچ نہیں ہوتی جب کہ انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے سابق ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید ذمے دار عہدے پر بیٹھ کر مخصوص سیاسی جماعت کو اوپر لا رہے تھے۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق سیکیورٹی حکام نے کہا کہ فیض حمید پر الزام ہے کہ وہ سیاسی ایما پر کام کر رہے تھے۔ سابق افسر کا کورٹ مارشل ہو رہا ہے۔ سیکیورٹی حکام کا کہنا تھا کہ فوج آئین کی وفادار ہوتی ہے۔ اس کی کوئی سیاسی سوچ نہیں ہوتی۔ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے بھارتی فوج کو سیاسی بنایا اور مخالفین کے خلاف کارروائی کی۔ ہٹلر بھی جرمنی کی فوج کو سیاسی سوچ کے تحت چلا رہا تھا اور مخالفین کے خلاف کارروائی کی۔

پاکستانی فوج کے ساتھ بھی ایسا ہی کرنے کی واردات کی گئی۔ فیض حمید بھی ذمےدارعہدے پر بیٹھ کر مخصوص سیاسی جماعت کو اوپر لا رہے تھے۔ فوج کا حکومت میں برسر اقتدار سیاسی جماعت سے غیر سیاسی تعلق ہوتا ہے، ملک کی تمام سیاسی جماعتیں قابل احترام ہیں۔

سیکیورٹی حکام نے بتایا کہ افغانستان میں ایک درجن سے زیادہ دہشت گرد تنظیمیں ہیں۔ دہشت گرد افغانستان سے آکر حملے کرتے ہیں، فتنہ الخوارج سے کسی قسم کی بات چیت نہیں ہوگی۔ ماضی میں ایک سیاسی جماعت نے فسادیوں سے بات چیت کی۔ اب بھی ایسا ہی کہا جا رہا ہے۔ پچھلی بات چیت کے تجربے سے پتا چل گیا کہ فتنہ الخوارج سے مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کی افغانستان میں ٹرینگ ہو رہی ہے۔ افغانستان میں عبوری حکومت سے بات چیت کر رہے ہیں کہ دہشت گردوں کو سنبھالیں، دہشتگردوں کے خلاف روزانہ سو سے زیادہ انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کررہے ہیں۔ سیکیورٹی حکام نے عزم ظاہر کیا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ ہر صورت جیتیں گے۔ لکی مروت میں کریمنل گینگز کام کر رہے ہیں۔ جب کریمنل گینگز کےخلاف کارروائی کرتے ہیں تو وہ مظاہرے کرواتے ہیں۔ لکی مروت میں فوج صوبائی حکومت کی درخواست پر ذمےداری انجام دے رہی ہے۔ صوبائی حکومت جب کہے گی تو فوج لکی مروت سے واپس چلی جائے گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع میں امن جلد بحال ہوگا، دہشتگروں کو پکڑتے ہیں۔ عدالتیں عدم ثبوت کا کہہ کر چھوڑ دیتی ہیں۔ دہشت گردی کےخاتمے کے لیے کریمنل جسٹس سسٹم کو ٹھیک اور قانون کےنفاذ کو یقینی بنانا ہوگا۔