سپریم کورٹ ترمیمی پریکٹس اینڈ پروسیجر آرڈیننس منظور ہوگیا
وزیراعظم اور وفاقی کابینہ نے سپریم کورٹ ترمیمی پریکٹس اینڈ پروسیجر آرڈیننس منظور کر لیا ہے جس سے چیف جسٹس کا سپریم کورٹ کے مقدمات مقرر کرنے میں اختیار بڑھ جائے گا۔
وزارت قانون نے گزشتہ روز آرڈیننس وزیراعظم اور کابینہ کو بھجوایا تھا۔ چیف جسٹس، سپریم کورٹ کا سینئر جج اور چیف جسٹس کا مقرر کردہ جج کیس مقرر کرے گا۔ اس سے پہلے قانون میں چیف جسٹس اور دو سینئر ترین ججوں کا تین رکنی بینچ مقدمات مقرر کرتا تھا۔ بینچ عوامی اہمیت اور بنیادی انسانی حقوق کو مدِنظر رکھتے ہوئے مقدمات کو دیکھے گا۔
ترمیمی آرڈیننس کے مطابق ہر کیس کو اس کی باری پر سنا جائے گا ورنہ وجہ بتائی جائے گی۔ ہر کیس اور اپیل کو ریکارڈ کیا جائے گا اور ٹرانسکرپٹ تیار کیا جائے گا۔ ترمیمی آرڈیننس کے تحت تمام ریکارڈنگ اور ٹرانسکرپٹ عوام کے لیے دستیاب ہوں گے۔
بعد میں موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق صدر آصف زرداری نے اس آرڈی ننس پر دستخط کردئے ہیں۔ اس طرح اسے قانونی حیثیت حاصل ہوگئی ہے۔