لبنان میں اسرائیلی زمینی کاروائی کا آغاز، حزب اللہ کی تردید

  • منگل 01 / اکتوبر / 2024

اسرائیلی فوج  نے حزب اللہ کے خلاف کارروائی کے لیے لبنان کے جنوبی علاقے میں زمینی کارروائی شروع کر دی ہے۔ البتہ لبنان کی عسکری تنظیم حزب اللہ نے اس بات کی تردید کی ہے کہ  اسرائیلی فوج لبنان میں داخل ہوئی ہے۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق اسرائیلی فوج نے لبنان میں زمینی کارروائی کو 'آپریشن ناردرن ایروز' کا نام دیا ہے جس میں اسرائیلی فوج کے مطابق اسرائیل کے لیے خطرہ بننے والے دیہی علاقوں میں کارروائی کی جائے گی۔ بیان کے مطابق محدود حملوں کے لیے فضائیہ اور آرٹلری پیادہ فورسز کو مدد فراہم کر رہی ہیں۔

لبنان کے سرحدی علاقے ایتا الشاب کے مکینوں نے بتایا ہے کہ علاقے میں ہیلی کاپٹرز اور ڈرون کی پروازوں کے علاوہ بڑے پیمانے پر شیلنگ کی جا رہی ہے۔ وائٹ ہاؤس اور امریکی محکمۂ خارجہ نے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا لیکن اس سے پہلے امریکہ کہہ چکا ہے کہ لبنان میں اسرائیلی کارروائی ناگزیر ہے۔

دوسری جانب حزب اللہ کے ڈپٹی لیڈر نعیم قاسم نے پیر کو کہا تھا کہ مزاحمتی فورسز زمینی لڑائی کے لیے تیار ہیں۔ حزب اللہ میڈیا چیف محمد عفیف نے منگل کو ایک بیان میں کہا کہ حزب اللہ کی جانب سے تل ابیب میں کیے گئے حملوں کا ابھی آغاز ہے۔

’رائٹرز' کو دیے گئے تحریری جواب میں حزب اللہ کے میڈیا چیف کا کہنا تھا کہ لبنان کی

حدود میں اسرائیلی فوج کے ساتھ کوئی جھڑپ نہیں ہوئی۔ لیکن حزب اللہ اس کے لیے تیار ہے۔

لبنان کی عسکری تنظیم حزب اللہ نے منگل کو اسرائیلی شہر تل ابیب کو میزائل سے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ حزب اللہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ تل ابیب میں اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے ہیڈکوارٹر اور شہر کے نواح میں واقع گلوٹ ملٹری بیس کو فیدل 4 میزائلوں سے نشانہ بنایا ہے۔

اسرائیل کے شہر تل ابیب میں دھماکے کی آواز سنی گئی ہے۔ خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق عینی شاہدین نے بتایا ہے کہ تل ابیب ابیب میں سائرن کی آوازیں سنی ہیں اور اس دوران دھماکے کی آواز بھی آئی ہے۔