پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے پرعزم ہیں: سعودی وزیر

  • جمعرات 10 / اکتوبر / 2024

سعودی وزیر سرمایہ کاری خالدبن عبدالعزیز الفالح نے کہا ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں۔ مفاہمتی یادداشتیں دوطرفہ اقتصادی تعاون میں اہم سنگ میل ہیں۔ معاہدے تجارت وسرمایہ کاری کے تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار ہے۔

اسلام آباد میں پاکستان سعودی عرب بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے سعودی وزیر سرمایہ کاری کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ اور جنوبی ایشیا کے خطوں میں ترقی کے وسیع امکانات ہیں۔ علاقائی خوشحالی کے ہدف کے حصول کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔ پاکستان ہمارے لیے دوسرا گھر ہے اور پاک سعودی بزنس فورم تاجر برادری کے درمیان رابطےکے حوالے سے اہم ہے۔ دونوں ممالک کے تعلقات کی طویل تاریخ ہے، دونوں ممالک کے درمیان مذہبی اور روحانی تعلق قائم ہے۔

سعودی وزیر سرمایہ کاری کا کہنا تھا کہ تجارت بڑھانے کے لیے جغرافیائی قربت کا فائدہ اٹھانا چاہیے۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی تعاون انتہائی اہم ہے، دونوں ممالک کی باہمی تجارت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کا وہاں کی ترقی میں اہم کردار ہے جب کہ ہم پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں۔ آج 27 مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ دوطرفہ تجارت کے فروغ میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی کوششوں کی تعریف کرتا ہوں۔ تجارتی حجم میں اضافہ بڑھتی اقتصادی شراکت داری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ پاک سعودی عرب دوطرفہ تعلقات نئی بلندیوں پر پہنچ چکے ہیں۔ دو طرفہ تعاون تجارت سے بڑھ کر دفاع، تعلیم اور ثقافت تک پھیلا ہوا ہے، ہماری قوموں کے درمیان علم، ہنر، مہارت کا تبادلہ جدت، ترقی کو فروغ دے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب اسٹرٹیجک شراکت دار ہیں، آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ہماری ملاقات نتیجہ خیز رہی۔