آئینی ترامیم پر اتفاق رائے کے لیے حکومت آئینی عدالت کے قیام کی تجویز واپس لے لے گی

  • جمعرات 17 / اکتوبر / 2024

آئینی ترمیم پر اتفاقِ رائے کے لیے قائم پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں جمعییت علمائے اسلام کی تجویز پر حکومت اور پیپلزپارٹی نے آئینی عدالت کے قیام سے پیچھے ہٹنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔

26ویں آئینی ترمیم پر اتفاق رائے کے لیے قائم پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید شاہ کی زیر صدارت ہوا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں پارلیمانی جماعتوں کی جانب سے آئینی ترمیمی مسودوں پر اتفاقِ رائے کے قیام اور پارلیمانی جماعتوں کے مسودوں کو یکجا کرنے پر گفتگو ہوئی۔ باوثوق ذرائع نے دعویٰ کیا کہ حکومت اور پیپلزپارٹی نے آئینی عدالت کے قیام سے پیچھے ہٹنے پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔

جے یو آئی ایف نے حکومت اور پیپلزپارٹی کو آئینی عدالت کا مسودہ واپس لینے کی تجویز دی جس پر پیپلزپارٹی اور حکومت نے آئینی عدالت کا مسودہ واپس لینے پر رضامندی ظاہر کردی۔ ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ(ن) نے آصف علی زرداری اور نواز شریف سے مشاورت کا فیصلہ کیا ہے اور دونوں رہنماؤں کی رضامندی کے بعد آئینی عدالت سے متعلق مسودہ باضابطہ طور پر واپس لیا جائے گا۔

اجلاس میں تجویز پیش کی گئی کہ آئینی عدالت کے بجائے آئینی بینچ تشکیل دیا جانا چاہیے۔ اجلاس کے بعد صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے سید خورشید شاہ نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)، پیپلز پارٹی، جمعیت علمائے اسلام اور ایم کیو ایم  کے مابین آئینی ترمیم پر اتفاق رائے ہے اور ایک دو روز میں مکمل طور پر اتفاق رائے ہو جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ مسودے کو حتمی شکل دینے میں کوئی بڑی رکاوٹ نظر نہیں آ رہی اور مسودے میں بہت سی چیزیں پارلیمنٹ کو طاقتور بناتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے آج اجلاس میں اپنی تجاویز پیش نہیں کیں۔

پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نے کہا کہ سیاستدانوں کو آپس میں ملنا چاہیے، ہم نے عمر ایوب کے تحفظات کو نوٹ کیا ہے لیکن ابھی تک تحریک انصاف کی طرف سے سنجیدگی نظر نہیں آ رہی۔ پی ٹی آئی کے آئینی کمیٹی میں موجود لوگ بے بس ہیں اور اجلاس میں آکر معمول کی ہی بات چیت کرتے ہیں۔