یحییٰ سنوار کی موت سے مزاحمت ختم نہیں ہوگی: آیت اللہ خامنہ ای
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ حماس لیڈر یحییٰ سنوار کی موت سے مزاحمت کا محور ختم نہیں ہو گا اور حماس زندہ رہے گی۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ان کا نقصان بلاشبہ مزاحمت کے محور کے لیے تکلیف دہ ہے۔ لیکن یہ محاذ اہم شخصیات کی شہادت کے ساتھ آگے بڑھنا بند نہیں ہوا ہے۔ حماس زندہ ہے اور زندہ رہے گی۔
واضح رہے کہ اسرائیل نے جمعرات کو کہا تھا کہ ایک فوجی کارروائی میں حماس کے لیڈر یحییٰ سنوار جاں بحق ہوگئے ہیں۔
دریں اثنا اسرائیل کی حکومت نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم ہاؤس کی طرف ڈرون بھیجے گئے ہیں جس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق اسرائیلی حکومت نے کہا ہے کہ ڈرون وزیرِ اعظم بن یامین نیتن یاہو کے سیزاریا میں واقع گھر کی طرف لانچ کیے گئے تھے۔ ڈرون کی پروازوں کے بعد اسرائیل میں ہفتے کی صبح سائرن بجنے لگے اور لبنان سے کیے گئے فائر پر وارننگ دی گئی۔
نیتن یاہو کے ترجمان نے بیان میں کہا کہ وزیرِ اعظم اور ان کی اہلیہ سمیت کوئی بھی گھر پر موجود نہیں تھا اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ اسرائیل اور لبنان کی ایران نواز عسکری تنظیم حزب اللہ کے درمیان لڑائی جاری ہے اور جمعے کو حزب اللہ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ اسرائیل میں مزید گائیڈڈ میزائلز اور ڈرونز بھیج کر لڑائی کے نئے مرحلے کے آغاز کا منصوبہ بنا لیا ہے۔