جسٹس یحییٰ آفریدی نے چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

  • ہفتہ 26 / اکتوبر / 2024

جسٹس یحییٰ آفریدی نے پاکستان کے 30 ویں چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھالیا۔ صدر مملکت آصف زرداری نے نئے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے حلف لیا، وہ 26 اکتوبر 2027 تک اس عہدے پر فائز رہیں گے۔

ایوان صدر میں ہونے والی حلف برداری کی تقریب میں صدرمملکت آصف زرداری، وزیراعظم شہباز شریف کے علاوہ تینوں مسلح افواج کے سربراہ شریک ہوئے۔ اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان اور وفاقی وزرا نے شرکت کی۔

حلف برداری کی تقریب میں سپریم کورٹ کے جسٹس منیب اختر، جسٹس عائشہ ملک سمیت دیگر ججز کے علاوہ سینئر وکلا سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شریک ہوئے۔

دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے جسٹس یحییٰ آفریدی کو ملک کے چیف جسٹس کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ ایکس پر جاری بیان میں ان کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس پاکستان کا حلف اٹھانے پر جسٹس یحییٰ آفریدی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کا تجربہ، علم اور فہم قانون پر عملدرآمد کو مضبوط کرنے میں عدلیہ کی مدد کرے گا۔

عہدہ سنبھالنے کے بعد چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی کی تشکیل نو کرتے ہوئے کمیٹی میں جسٹس منیب اختر کو دوبارہ شامل کر لیا۔ رجسٹرار سپریم کورٹ جزیلہ اسلم کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی میں چیف جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس منیب اختر شامل ہوں گے۔ یہ کمیٹی مقدمات کو مقرر کرنے کا فیصلہ کرتی ہے۔

یاد رہے کہ 20 ستمبر کو صدر مملکت آصف زرداری کے دستخط بعد سپریم کورٹ ترمیمی پریکٹس اینڈ پروسیجر آرڈیننس 2024 نافذ ہو گیا تھا۔