جوابی کارروائی کا فیصلہ متعلقہ حکام کریں گے: آیت اللہ خامنہ ای

  • اتوار 27 / اکتوبر / 2024

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ اسرائیلی حملے کا جواب دینے کے لیے متعلقہ حکام مل کر فیصلہ کریں گے۔ دو دن پہلے ایران پر اسرائیلی فضائی حملوں کے بعد ایرانی لیڈر کا یہ پہلا بیان سامنے  آیا ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق آیت اللہ خامہ ای نے کہا کہ صیہونی عزائم کو ناکام بنانا ضروری ہے لیکن اس کا فیصلہ ہوشمندی سے کیا جائے گا۔ ان حملوں کو نہ توبڑھا چڑھا کر پیش کیا جائے اور نہ ہی اس کے اثر کو کم دکھانے کی کوشش کہا جائے۔ کیوں یہ  بھی ایک غلطی ہو گی۔

میڈیا کے مطابق صہیونی حملوں میں شہید فوجیوں کے اہل خانہ سے گفتگو کرتے ہوئے آیت اللّٰہ خامنہ ای نے کہا کہ صہیونی فوج ہماری طاقت، صلاحیت اور ایرانی قوم کے عزم کو نہیں جانتی۔ واضح رہے اسرائیلی فضائی حملوں میں چار ایرانی فوجی جاں بحق ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔

آیت اللّٰہ خامنہ ای کا کہنا ہے کہ ہمیں دشم،ن کو ضرور سبق سکھانا ہوگا۔  دوسری جانب ایران پر اسرائیلی حملے کے بعد سلامتی کونسل کا اجلاس کل طلب کر لیا گیا ہے۔ ایران نے اسرائیل کی جانب سے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی شکایت کرتے ہوئے ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا تھا۔

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے اسرائیل کو جواب دینے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایران کے یکم اکتوبر کے حملوں کے مقابلے میں اسرائیل نے ناکام حملے کیے۔

اس دوران ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی ایئرفورس کا کہنا ہے کہ ملک کے فضائی دفاعی نظام نے کامیابی سے اسرائیلی جارحیت کا مقابلہ کیا۔ ایران کی فضائی دفاعی فورس نے تہران، خوزستان اور ایلام صوبوں میں فضائی تنصیبات کو نشانہ بنانے والے اسرائیلی حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس جارحیت کو کامیابی سے ناکام بنا دیا گیا ہے۔ ایرانی مربوط فضائی دفاعی نظام نے کامیابی سے اس جارحیت کا مقابلہ کیا، اگرچہ حملوں سے کچھ مقامات پر محدود نقصان پہنچا ہے جس کی تحقیقات جاری ہیں۔

ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلیوں نے قریبی فاصلے سے متعدد میزائل داغے، جو ایران نے میزائل دفاعی نظام کے زریعے مارگرائے۔ ایرانی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا کے مطابق مہر آباد اور امام خمینی بین الاقوامی ایئرپورٹس پر صورتحال معمول پر ہے۔

تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق تہران کے مغرب میں پاسداران انقلاب کے فوجی مراکز پر کوئی میزائل حملہ کامیاب نہیں ہوا۔