پی ٹی آئی کا ججز تقرری کمیشن کا حصہ بننے کا اصولی فیصلہ

  • سوموار 28 / اکتوبر / 2024

پاکستان تحریک انصاف  نے باضابطہ طور پر ججز تقرری کمیشن کا حصہ بننے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ جوڈیشل کمیشن میں اپوزیشن کی نمائندگی کیلئے دو ناموں کا اعلان عمران خان کی منظوری کے بعد ہوگا۔

پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کے خصوصی اجلاس کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی نے باضابطہ طور پر ’جوڈیشل کمیشن آف پاکستان‘ کا حصہ بننے کا فیصلہ کیا ہے۔ جوڈیشیل کمیشن کیلئے پارلیمان کے دونوں ایوانوں سے اراکین نامزد کرنے پر اتّفاق کیا گیا۔ سیاسی کمیٹی اجلاس میں جوڈیشل کمیشن کیلئے اپوزیشن کی جانب سے دو اراکین کی نامزدگیوں اور اس حوالے سے اسپیکر قومی اسمبلی کے خط پر جامع بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں کہا گیا کہ 13 اراکین پر مشتمل جوڈیشل کمیشن کی ذمہ داریوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ جوڈیشیل کمیشن سپریم کورٹ، ہائی کورٹس اور فیڈرل شریعت کورٹ میں ججز کی تقرریاں کرے گا۔ اجلاس کے شرکا کو بتایا گیا کہ جوڈیشل کمیشن ہائی کورٹ کے ججز کی کارکردگی پر نگاہ رکھے گا اور ان کی سالانہ کارکردگی رپورٹ مرتب کرے گا جب کہ کمیشن ہائی کورٹ کے ججز کیلئے موزوں ناموں کی تجاویز بھی پیش کرنے کا مجاز ہے۔

یہی جیوڈیشل کمیشن ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں بینچز بھی قائم کرے گا۔ کمیشن کے اراکین کی ایک تہائی تعداد کمیشن کا اجلاس طلب کرسکتی ہے جب کہ 13 رکنی کمیشن کے فیصلے اراکین کی سادہ اکثریت سے ہوں گے۔ پی ٹی آئی سیاسی کمیٹی کو بتایا گیا کہ کلاز ڈی کے مطابق کسی رکن کی عدم موجودگی کمیشن کے فیصلے کی ساکھ متاثر نہیں کرسکے گی اور عدم موجودگی کے باوجود کمیشن کا فیصلہ ٹھیک تصور کیا جائے گا۔

بعد ازاں۔ پی ٹی آئی سیاسی کمیٹی کی جانب سے جوڈیشل کمیشن کا حصہ بننے کی تجویز متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔ سیاسی کمیٹی کے اس فیصلے کو توثیق کیلئے کور کمیٹی اور حتمی منظوری کیلئے بانی چیئرمین عمران خان کے روبرو پیش کیا جائے گا۔ کمیشن میں حزبِ اختلاف کی نمائندگی کیلئے مجوّزہ دو ناموں کی عمران خان سے باضابطہ منظوری کے بعد اعلان پر مکمل اتفاق کیا گیا۔

واضح رہے کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پارلیمانی کمیٹی کے ذریعے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کا انتخاب کیا گیا ہے۔ اس سے قبل الجہاد ٹرسٹ کیس کے فیصلے کی روشنی میں سپریم کورٹ کا سب سے سینیئر جج ہی ملک کا چیف جسٹس ہوتا تھا۔