سپریم کورٹ ججز کی تعداد 23 کرنے کا بل جمعہ کو قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا

  • منگل 29 / اکتوبر / 2024

سپریم کورٹ میں ججز کی تعداد 17 سے بڑھا کر 23 کرنے کا بل جمعہ کو قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ پارلیمانی ذرائع کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ میں ججز کی تعداد میں اضافے کا بل جمعہ کے روز قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔

سپریم کورٹ آف پاکستان چیف جسٹس سمیت 23 ججوں پر مشتمل ہو گی۔ ذرائع کے مطابق بیرسٹر دانیال چوہدری نجی کارروائی کے دن بل پہلے ہی پیش کرچکے، بل کی منظوری کےلیے قومی اسمبلی کے اجلاس میں جمعہ تک توسیع کی گئی ہے۔ ترمیم شدہ شیڈول کے مطابق اسمبلی اجلاس آج ختم ہوجانا تھا۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ میں زیرالتوا مقدمات کی بھرمار کے باعث عوام کو انصاف کی فراہمی میں تاخیر کے پیش نظر حکومت نے رواں سال جولائی میں 2 ایڈہاک ججز تعینات کیے تھے تاہم ناقدین نے حکومتی اقدام کو سپریم کورٹ طاقت کا توازن بدلنے کی کوشش قرار دیا تھا۔