اسرائیل اور امریکہ کو لازمی سخت جواب ملے گا: ایرانی سپریم لیڈر

  • ہفتہ 02 / نومبر / 2024

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے دھمکی دی ہے کہ ایران اور اس کے اتحادیوں پر حملوں کے جواب میں اسرائیل اور امریکہ کو سخت جواب دیا جائے گا۔

خبر رساں ادارے 'ایسویسی ایٹڈ پریس' کے مطابق خامنہ نے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ ’دشمن چاہے وہ صیہونی حکومت ہو یا امریکہ، انہیں لازمی طور پر ان کے کیے گئے اقدامات کا جواب ملے گا‘۔ خامنہ کا یہ بیان ایران کے سرکاری ٹی وی نے جاری کیا ہے جس میں مزید کہا گیا ہے کہ ایرانی قوم اور مزاحمتی قوتوں کے خلاف اقدامات کرنے والوں کو کچل کر رکھ دیں گے۔

واضح رہے کہ اسرائیل نے ایران پر 26 اکتوبر کو جوابی کارروائی کرتے ہوئے فوجی تنصیبات سمیت دیگر مقامات کو نشانہ بنایا تھا جس میں کم از کم پانچ افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اسرائیل کی کارروائی کے بعد تہران کی جانب سے مسلسل جوابی حملے کی دھمکی دی جا رہی ہے۔

ایران کے پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان میجر جنرل علی نینی کا بھی ایک انٹرویو میں کہنا ہے کہ ایران کا ردِ عمل دانش مندانہ، طاقت ور اور دشمن کی سوچ سے کہیں بڑا ہو گا۔

جنرل علی نینی ایران کے بیلسٹک میزائل کو کنٹرول کرنے کے ذمے دار ہیں اور ان کا انٹرویو خامنہ ای کے ویڈیو پیغام سے قبل نیم سرکاری نیوز ایجنسی 'فارس نیوز' نے شائع کیا تھا۔