بھارت نے ٹیم نہ بھیجی تو ہم سے بھی اچھی امید نہ رکھے: چیئرمین پی سی بی

  • جمعہ 08 / نومبر / 2024

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا ہے کہ بھارتی میڈیا کئی ماہ سے دعویٰ کررہا ہے کہ ان کی ٹیم پاکستان کھیلنے نہیں آئے گی۔ مگر ہم بھارتی میڈیا نہیں بھارتی حکومت اور کرکٹ بورڈ کے جواب کے منتظر ہیں۔

لاہور قذافی اسٹیڈیم کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے بھارتی ٹیم پاکستان نہیں آئے گی۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹس میں کئی ماہ سے دعویٰ کیا جارہا ہے کہ ٹورنامنٹ پاکستان میں نہیں ہوگا۔ اور بھارتی ٹیم نہیں آئے گی۔ مگر ہم بھارتی بورڈ اور حکومت کے جواب کا انتظار کررہے ہیں اور اپنی تیاریاں جاری رکھیں گے۔ ٹورنامنٹ کا انعقاد پاکستان میں ہی ہوگا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ایونٹ کے لیے اگر بی سی سی آئی یا بھارتی حکومت نے ٹیم بھیجنے سے انکار کیا تو مجھے اپنی حکومت سے رجوع کرنا پڑے گا۔ بھارت نے انکار کیا تو ہم سے بھی اچھے کی امید نہ رکھے۔ ہائبرڈ ماڈل کے تحت ایونٹ کرانے کا کوئی منصوبہ نہیں البتہ ہمیں امید ہے کہ بھارتی بورڈ مثبت جواب دے گا۔

واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا ایک وفد 10 تا 12 نومبر لاہور کا دورہ کرے گا تاکہ ٹورنامنٹ کے لیے پاکستان کی تیاریوں کا جائزہ لے سکے۔ 11 نومبر کو ایک آفیشل ایونٹ متوقع ہے جس کے دوران ٹورنامنٹ کے شیڈول اور اہم تفصیلات کا امکان ظاہر کیا جائے گا۔

چیمپئینز ٹرافی 19 فروری تا 9 مارچ شیڈول ہے جس کے میچز کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں ہوں گے۔