سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا غزہ اور لبنان میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے عرب اسلامی ممالک کے مشترکہ سربراہ اجلاس میں غزہ اور لبنان میں جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔
قطر کے نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق فلسطین پر قابض اسرائیل کی غزہ اور لبنان پر مسلط کردہ جنگ کے تناظر میں پیر کو ریاض میں منعقدہ عرب اسلامی ممالک کے مشترکہ سربراہ اجلاس میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے افتتاحی کلمات ادا کیے۔
سعودی ولی عہد نے کہاکہ عالمی برادری فلسطین اور لبنان میں ہمارے مسلمان بھائیوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت فوری رکوائے۔ انہوں نے غزہ میں اسرئیلی جرائم کو نسل کشی قرار دیتے ہوئے ان کی شدید مذمت کی ہے۔ سعودی ولی عہد نے کہاکہ معصوم شہریوں کے خلاف اسرائیل کے جاری جرائم اور ہمارے مقدس مقام مسجد اقصیٰ کی مسلسل بے حرمتی فلسطینی عوام کے قانون حقوق کی بحالی کی کوشش کو ثبوتاژ کر رہے ہیں۔
انہوں نے اقوام متحدہ کے ادارہ برائے فلسطینی مہاجرین (انروا) کو غزہ اور مغربی کنارے میں امداد کی فراہمی سے روکنے کے اسرائیلی اقدام کی مذمت کی۔ محمد بن سلمان نے کہاکہ ہم فلسطینی سرزمین اور لبنان میں اسرائیلی جارحیت فوری روکنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب میں کہاکہ غزہ میں انسانی بحران تصور سے باہر ہے۔ غزہ میں مسلسل انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں، اسرائیل کو خطرناک ہتھیاروں کی فراہمی مسلسل جاری ہے۔ بھوک، افلاس اور قحط نے غزہ میں ڈیرے ڈال رکھے ہیں، میں پوچھنا چاہتا ہوں کہ اسرائیلی جارحیت کو کب تک نظر انداز کیا جائے گا۔