اسرائیلی حملوں میں مزید 62 فلسطینی جاں بحق
فلسطین پر قابض اسرائیلی فوج کے غزہ میں زمینی اور فضائی حملوں میں مزید 62 فلسطینی جاں بحق ہوگئے۔ اسرائیلی فوج نے غزہ میں جھڑپ کے دوران مزید 4 اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
اسرائیلی فوج کے مطابق منگل کی علی الصبح ایک ڈرون حملے کو روکا گیا ہے جو مشرق سے ملک کے جنوب میں وادی عربہ کے سرحدی علاقے میں داخل ہوئے۔ اسرائیلی براڈکاسٹنگ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ فضائی حملے جنوبی اسرائیل کے شہر ایلات میں ہوئے اور اس کی تفصیلات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
یمنی ذرائع ابلاغ نے پیر کی شام اطلاع دی کہ امریکہ اور برطانیہ کے طیاروں نے الحدیدہ کے جنوب میں واقع ضلع طوہیطہ کے الفضا علاقے پر تین حملے کیے۔ پیر کی صبح بھی امریکہ اور برطانوی افواج کی جانب سے یمن کے دو اہم علاقوں امران اور صعدہ پر مختلف مقامات پر 9 حملے کیے گئے تھے۔ امریکی سینٹرل کمانڈ نے اعلان کیا کہ اُن کی جانب سے شام میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایرانی حمایت یافتہ گروہوں کے 9 اہداف پر حملے کیے ہیں۔ یہ حملے ایرانی حمایت یافتہ گروہوں کی صلاحیت کو محدود کر دیں گے۔
غزہ کے نوصیرات کیمپ میں العودہ ہسپتال کی انتظامیہ نے بتایا ہے کہ کیمپ میں پیر کی صبح سے اسرائیلی کارروائی میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 20 ہوگئی ہے اور 30 سے زیادہ افراد زخمی ہیں جنہیں ابتدائی طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ اسرائیلی افواج کے توپ خانے کی جانب سے ہسپتال کے گردو نواح میں ہونے والی بمباری کی وجہ سے ہسپتال میں پانی کی فراہمی منقطع ہو گئی ہے۔ ہسپتال کی عمارت کے کُچھ حصوں کو بھی جزوی طور پر نقصان پہنچا ہے۔
غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے آغاز سے مرنے والے اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 376 ہوگئی۔ رائٹرز نے فلسطینی طبی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ وسطی اور جنوبی غزہ میں اسرائیلی حملوں میں تیزی کے بعد مزید 37 فلسطینی جاں بحق ہوگئے۔ پیر کو رات گئے خان یونس میں ایک کیفے کے قریب فضائی حملے میں 7 فلسطینی شہید ہوئے۔
الجزیرہ کے وسطی غزہ کے علاقے دیر البلاح میں موجود نمائندے نے بتایا کہ منگل کی صبح سے جاری متعدد اسرائیلی حملوں میں کم ازکم 25 فلسطینی شہید ہوگئے۔ جن میں کم ازکم 11 افراد جنوبی غزہ کے علاقے خان یونس کے شمالی علاقے المواسی میں پناہ گزینوں کے خیموں پر کی گئی اسرائیلی بمباری میں ہلاک ہوئے۔ ان میں 2 بچے اور 3 کم سن بھی شامل ہیں۔
غزہ سٹی کے شمالی علاقے الجلاعا میں ایک گھر پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں کم ازکم 8 افراد شہید ہوگئے۔ وسطی غزہ کے علاقے دیر البلاح میں النور مسجد کے قریبی گنجان آباد علاقے میں اسرائیلی حملے میں کم ازکم 6 فلسطینی شہید جبکہ کم ازکم 10 افراد شدید زخمی ہوگئے۔
ادھر لبنان کے دارلحکومت بیروت میں اسرائیلی فضائیہ کے حملے جاری ہیں، بیروت کے جنوبی نواحی علاقے میں اسرائیلی فوج نے 11 عمارتوں سے انخلا کے احکامات جاری کردیے۔ خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے لبنانی شہریوں کی تعداد 3ہزار 243 تک جاپہنچی جن میں سے اتوار کو کیے گئے حملوں میں 54 افراد شہید اور 56 زخمی ہوگئے۔