عمران خان نے 24 نومبر کو اسلام آباد مارچ کی فائنل کال دے دی
بانی پی ٹی آئی عمران خان نے 24 نومبر کو اسلام آباد مارچ کی فائنل کال دے دی ہے۔ عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے بعد ان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے یہ بات میڈیا کو بتائی ہے۔
جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ 8 فروری کو آپ انقلاب لے کر آئے تھے، آپ لوگ 8 فروری کو نکلے اور اپنا آئینی حق استعمال کیا۔ آپ نے اشرافیہ سے طاقت چھینی اور طاقتور بن گئے۔ لیکن 9 فروری کو سارا مینڈیٹ چوری کرلیا گیا۔ آپ کا چوری کیا گیا ووٹ گنے چنے لوگوں کو دے دیا گیا، سپریم کورٹ کی آزادی چھین لی گئی۔
علیمہ خان نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ اپنے کسانوں، وکلا، عوام سے مخاطب ہوں۔ پاکستان کے جس طرح حالات ہیں آپ کو نکلنا ہوگا۔ وکیلوں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ سپریم کورٹ کے تحفظ کے لیے کھڑے ہوں۔ سول سوسائٹی نے باہر نکلنا ہے، یہ آپ کا مستقبل ہے۔ رول آف لا، عدلیہ، جمہوریت اور چھینے گئے مینڈیٹ کے لیے نکلنا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے فائنل کال دے دی ہے۔ اور 24 نومبر کو اسلام آباد نکلنے کی تاریخ دے دی ہے۔ ووٹرز، ایم این ایز، ایک ایک کارکن اورلیڈر شپ سے کہا ہے کہ یہ موقع ہے فیصلہ کرنا ہوگا۔ مارشل لا میں رہنا ہے یا آزاد ہونا ہے۔
دریں اثنا وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ فائنل تاریخ آگئی، ہم تیار ہیں۔ پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فائنل تاریخ آگئی ہے ہم تیار ہیں۔ ویسے تو ہماری پہلے سے ہی تیاری تھی لیکن اب مزید بہترین طریقے سے تیاری کرکے نکلیں گے۔ عمران خان کی رہائی سمیت مطالبات تسلیم ہونے تک ہماری واپسی نہیں ہوگی۔ اعلان ہوگیا ہے تو بس اب جانے کی تیاری ہے۔