ملکی معیشت سنبھل گئی ہے: وزیر خزانہ

  • اتوار 17 / نومبر / 2024

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ کے ساتھ حکومتی اصلاحاتی ایجنڈے پر تبادلہ خیال ہو۔ آئی ایم ایف حیران ہے کہ 14 ماہ میں معیشت کیسے سنبھل گئی۔

وزیر خزانہ نے نیوز کانفرنس کے دوران کہا کہ عالمی مالیاتی فنڈ اور دیگر مالیاتی اداروں سے رابطہ رہتا ہے۔ امریکا میں ایشین ڈیولپمنٹ بینک، ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، چین ، ترکیہ، برطانیہ کے وزرائے خزانہ کے ساتھ مفصل گفتگو ہوئی جب کہ امریکا میں موڈیوز ، فچ اور دیگر ریٹنگ ایجنسیوں کے ساتھ مثبت گفتگو ہوئی۔ ان ملاقاتوں میں گورنر اسٹیٹ بینک اور سیکریٹری خزانہ بھی موجود رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ آئی ایم ایف کا نہیں، پاکستان کا اپنا پروگرام ہے، عالمی مالیاتی ادارہ صرف مدد کررہا ہے۔ آئی ایم ایف حیران تھا کہ پاکستانی معیشت 14ماہ میں کیسےسنبھل گئی۔ آئی ایم ایف کے وفد سے بات چیت مثبت رہی، ان کے ساتھ حکومتی اصلاحاتی ایجنڈے پر بات ہوئی۔ حکومتی اقدامات سے معیشت درست سمت میں گامزن ہے۔ معیشت کی بہتری کے لیے مقررہ اہداف حاصل کریں گے اور ملکی مفاد کے خلاف کوئی کام نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات سے مہنگائی کی شرح میں کمی واقع ہوئی اور یہ 38 فیصد سے 7 فیصد پر آگئی۔ معیشت درست سمت پر گامزن ہے، ملکی معیشت میں استحکام آرہا ہے۔ زرمبادلہ کے ذخائر میں  اضافہ ہورہا ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ عالمی مالیاتی  اداروں کا پاکستان پر اعتماد بڑھ رہا ہے،آئی ایم ایف وفد سےکوئی ڈھکی چھپی بات نہیں ہوتی۔  معیشت کی بہتری کےلےامقررہ اہداف حاصل کریں گے، تمام شعبوں مں اصلاحات کا عمل جاری ہے۔